وزیر اعظم بلٹ ٹرین پر تو بولتے ہیں، عصمت دری پر نہیں: راہل

حقوق نسواں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت کی 4 سالہ مدت میں خواتین کے خلاف جو کچھ ہواہے وہ گزشتہ 70 سالوں میں تو کیا 3 ہزار سالوں میں بھی نہیں ہوا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

وشو دیپک

دہلی کے تالکٹورا اسٹیڈیم میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے خاتون کانگریس کی جانب سے منعقدہ حقوق نسواں کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے خواتین سے وابستہ ایشوز کو اٹھایا۔ اپنے خطاب میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے آر ایس ایس پر جم کر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس میں ایک بھی خاتون نہیں ہے کیوں کہ اس تنظیم کے دروازے خواتین کے لئے بند ہیں۔ وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ویسے تو انہیں خاموش کرانا مشکل ہے لیکن خواتین کے خلاف ہو رہے جرائم اور ان کے مسائل پر ایک لفظ نہیں بولتے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم بلٹ ٹرین پر تو بولتے ہیں لیکن عصمت دری کے واقعات پر وہ نہیں بولتے۔ کانگریس صدر نے بہار کے مظفرپور کے گرلز شیلٹر ہوم میں بچیوں کے ساتھ ہوئی عصمت دری معاملہ پر وزیر اعظم مودی کی خاموشی پر سوال کھڑے کئے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت کی 4 سالہ مدت کے دوران خواتین کے خلاف جو بھی ہوا ہے وہ گزشتہ 70 سال تو چھوڑیئے اس ملک میں 3 ہزار سال میں بھی کبھی نہیں ہوا۔ کانگریس صدر نے کہا کہ مودی حکومت صرف بڑی بڑی باتیں کرتی ہے لیکن کرتی کچھ نہیں۔

راہل گاندھی نے مودی حکومت کو پارلیمنٹ میں خواتین ریزرویشن پر مکمل حمایت دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا ’’پارلیمنٹ میں خواتین ریزرویشن تعطل کا شکار ہے۔ ہم نے حکومت سے کہا ہے کہ کانگریس پوری طرح خواتین بل کو منظور کرانے کے لئے حمایت دے گی۔ ‘‘

کانگریس صدر نے خاتون کانگریس کا پرچم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی کے تمام شعبہ جات کے پرچم ہیں، لوگو ہیں۔ خاتون کانگریس کے پاس طاقت تو ہے لیکن پرچم نہیں ہے۔ آج کے بعد خاتون کانگریس کا پرچم ہندوستان بھر میں نظر آئے گا۔‘‘

راہل گاندھی نے کہا کہ آنے والے وقت میں ہندوستانی خواتین کے لئے کانگریس پارٹی نے کم از کم 50 فیصد عہدے دینے کا ہدف رکھا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔