بی جے پی گھبراہٹ میں اٹھارہی ہے اگستاویسٹ لینڈ کا معاملہ: کانگریس

کانگریس ترجمان نے کہا، ’’اگستا ویسٹ لینڈ معاملہ میں کانگریس حکومت نے جانچ سی بی آئی کے سپردکی تھی اور جرمانہ بھی وصول کیا تھا لیکن بی جے پی حکومت نے اسی داغی کمپنی کو عزت دے کر فائدہ پہنچایا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس نے کہاکہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں یقینی شکست کو دیکھتے ہوئے بھارتیہ جنتاپارٹی اپنا خوف چھپانے کی بوکھلاہٹ میں بلاوجہ اگستاویسٹ لینڈ کامعاملہ اچھال کر اسے بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

کانگریس ترجمان جے ویر شیر گل نے جمعرات کویہاں صحافیوں سے کہاکہ اگستا ویسٹ لینڈ معاملہ میں کانگریس کی قیادت والی حکومت نے اسکی جانچ مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی )کے سپردکی تھی اور اس پر جرمانہ لگاکر تین ہزار کروڑ روپئے وصول کیے لیکن بی جے پی حکومت نے اسی داغی کمپنی کو عزت دی اور ایک گنہگار کو تاج پہناکر فائدہ پہنچایا۔

انہوں نے الزام لگایاکہ بی جےپی اگستاویسٹ لینڈ سودے میں ہوئی بدعنوانی میں حصہ دار ہے اور اپنا داغ چھپانے کے لیے شورمچاتے ہوئے بوکھلاہٹ میں کانگریس پر انگلی اٹھارہی ہے جبکہ اصلیت یہ ہے کہ کانگریس کی حکومت نے اگستا ویسٹ لینڈ کو سزادی اور بی جے پی نے اسے فائدہ پہنچایا۔

ترجمان نے کہاکہ کانگریس نے اگستا ویسٹ لینڈ کے خلاف شکایت کی، ٹھیکہ ردکرایا اور تین ہزار کروڑ کی ریکوری بھی کی ۔اس کے برخلاف بی جے پی نے اسے بحریہ کے 100ہیلی کاپٹر کے لیے بلایا اور ’میک ان انڈیا‘کا حصہ بناکر ایک ایک مشتبہ کمپنی کی تاج پوشی کی۔

کانگریس لیڈر نے سی بی آئی کو بھی نشانہ پر لیا اور کہاکہ وہ بی جے پی حکومت کے اشارے پر کام کررہی ہے اس لیے اس معاملہ میں بی جے پی کی بدعنوانی کی جانچ نہیں کرے گی۔بی جے پی خود اگستا ویسٹ لینڈ معاملہ میں بدعنوانی کے گھیرے میں ہے اس لیے زوروشورسے اس معاملہ کو اٹھاکرکانگریس کو بدنام کرنےکی کوشش کررہی ہے ۔انھوں نے کہاکہ ایسی ہی صورتحال کے لیے کہاگیاہے ’چورمچائے شور‘۔

انھوں نے سوال کیاکہ اگربی جے پی اور اگستاویسٹ لینڈ کے مابین کوئی سازباز نہیں ہے تو اسے بتانا چاہئے کہ اسکی حکومت نے اس کمپنی کو اٹلی کی عدالت کے ذریعہ بری کیے جانے کے خلاف پچھلے ساڑھے چار سال کے دوران کوئی اپیل دائر کیوں نہیں کی ۔
شیرگل نے الزام لگایا کہ پچھلے ساڑھے چارسال کے دوران بی جے پی حکومت کو اس معاملہ میں کانگریس لیڈروں کو پکڑنے کے لیے کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملے اس لیے پریشان ہوکر اب ایک وکیل کا تعلق کانگریس سے جوڑ کر معاملے میں پارٹی کو گھیرنے کی کوشش کررہی ہے۔

انھوں نے کہاکہ بی جے پی لیڈر ملک کے ہزاروں کروڑ روپئے ڈکارنے والے مفرورللت مودی ،نیرومودی ،میہل چوکسی کے ساتھ ہی سہاراگروپ کے سبرت رائے سہارا،بھوپال گیس سانحہ جیسے معاملے میں مجرمین کی طرف سے عدالتوں میں پیش ہوئے ہیں ۔اس معاملوں میں بی جےپی لیڈر ارون جیٹلی اور روی شنکر پرساد کانام لیا اور کہاکہ جیٹلی کی بیٹی کی کمپنی نے تو میہل سے بڑی رقم لی اور پکڑے جانے پر یہ رقم واپس کردی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Dec 2018, 8:09 PM