پٹرول-ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف کانگریس کا ملک گیر احتجاج، کئی گرفتار

تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کانگریس کے ملک گیر احتجاج کے تحت دہلی، راجستھان، اتراکھنڈ، مہاراشٹر اور ہریانہ سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں پارٹی کارکنان و لیڈران نے سڑک پر نکل کر مظاہرہ کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وبا سے پریشان لوگ روزانہ پٹرول و ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں سے بھی بے حال ہوئے جا رہے ہیں۔ تیل کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں اور مہنگائی کا یہ سلسلہ لگاتار بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیاں اور اس کے لیڈران بھی تیل کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ مرکز کی مودی حکومت سےلگاتار کر رہے ہیں۔ کانگریس نے عوامی مفاد میں تیل کی قیمتیں کم کرنے کے لیے مرکزی حکومت پر لگاتار دباؤ بنا رہی ہے اور ملک کی بیشتر ریاستوں میں پارٹی لیڈران و کارکنان نے سڑک پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کچھ ریاستوں میں مظاہرہ کرنے والوں کو ایسا کرنے سے روکا گیا اور کچھ ریاستوں میں تو گرفتاریاں بھی ہوئیں۔ آئیے دیکھتے ہیں کچھ اہم ریاستوں میں کانگریس نے کس طرح تیل کی قیمتوں میں لگاتار ہو رہے اضافہ کے خلاف عوام کے حق میں آواز اٹھائی۔

دہلی:

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر انیل بیجل کی رہائش گاہ کے سامنے پیر کے روز گھوڑے پر سوار ہوکر احتجاج کرنے والے کانگریس لیڈروں کو پولس نے گرفتار کرلیا۔ بعد میں گرفتار ہونے والے تمام لیڈروں اور کارکنوں کو رہا کردیا گیا۔ ریاستی کانگریس کے صدر چودھری انل کمار کی زیر قیادت کانگریس کارکنوں نے دہلی بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اضافے پر مودی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے رہے۔ کانگریس لیڈروں کا الزام ہے کہ پچھلے تین ہفتوں سے مرکزی کی مودی سرکار اور دہلی میں کیجریوال حکومت تیل کمپنیوں کے دباؤ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کررہی ہے۔ چودھری انیل کمار ایک گھوڑا گاڑی میں لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ صدر جمہوریہ کو میمورنڈم دینے کے لیے گورنر ہاؤس آئے تھے۔ میمورنڈم میں انہوں نے فوری طور پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔


راجستھان:

آل انڈیا کانگریس کمیٹی اورریاستی کانگریس کمیٹی کی اپیل پر بیکانیر شہر ضلع کانگریس کمیٹی کی طرف سے پیر کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سائیکل ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ راجستھان کے کانگریس صدر یشپال گہلوت کی قیادت میں رتن بہاری پارک سے ضلع کلکٹر کے دفتر تک یہ سائیکل ریلی نکالی گئی۔ سائیکل ریلی میں حصہ لیتے ہوئے ریاست کے اعلی تعلیم کے وزیر بھنور سنگھ بھاٹی نے کہاکہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام پر غیرضروری بوجھ ڈالنے کا کام کیا جس سے عام آدمی میں بے حد تکلیف اور عدم اطمینان ہے۔

راجستھان کے نائب وزیراعلیٰ سچن پائلٹ نے تیل کی بڑھتی قیمتوں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین مہینے سے کورونا وبا کے سبب اقتصادی چیلنجوں کا سامنے کررہے ملک کے عوام کو مرکز ی حکومت نے پٹرول-ڈیژل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے گہرے اقتصادی بحران میں ڈال دیا ہے۔ سچن پائلٹ نے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمت دہائی کی سب سے نچلی سطح پر پہنچنے کے باوجود بھی بی جے پی سرکار عوام پر غیرضروری اقتصادی بوجھ ڈال رہی ہے۔

اتراکھنڈ:

اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے جنرل سکریٹری ہریش راوت نے پیر کو ملک میں بڑھتی پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے سلسلے میں بیل گاڑی میں بیٹھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر راوت نے کہا کہ پوری دنیا میں خام تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، وہیں مرکزی حکومت کئی بار پٹرول-ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ٹرانسپورٹ سسٹم، کھیتی-کسانی اور آٹو انڈسٹری کے لیے مہلک ثابت ہو رہا ہے۔

ہریش راوت بیل گاڑی سے ہی شیو مندر پہنچے اور مرکز کی عقل سلیم، ملک اور ریاست کو جلد کورونا سے چھٹکارہ ملنے کے لیے بھگوان شیو کی پوجا کی۔ انہوں نے شیو مندر پہنچنے سے پہلے بیل گاڑی میں بیٹھ کر مہارانا پرتاپ چوک کا ایک چکر لگا کر مہارانا پرتاپ کے مجسمے کی گلپوشی کی۔ قابل ذکر ہے کہ مہنگائی کے خلاف لکھے نعرے کی تختی لے کر کانگریس کارکنان آگے آگے چل رہے تھے۔


مہاراشٹر:

پٹرول-ڈیزل کے نرخوں میں اضافے کے خلاف کانگریس کے ملک گیر احتجاج میں مہاراشٹر کانگریس لیڈران و کارکنان نے بھی اپنا کردار ادا کیا۔ مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں پارٹی کارکنوں نے پیر کے روز ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کے سامنے مودی حکومت خلاف مظاہرہ کیا۔ اورنگ آباد سٹی کانگریس کے صدر محمد ہشام عثمانی اور اورنگ آباد ڈسٹرکٹ کانگریس کے صدر ڈاکٹر کلیان کالے نے احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی، پرکاش موگاڑیہ، انیل پٹیل، نام دیو راؤ پوار، ولاس راؤ آٹڈے، ابراہیم پٹھان جیسے سینئر شہری احتجاج میں شامل ہوئے۔ کانگریس کارکنوں نے اس موقع پر مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، اور انہوں نے کورونا وائرس کی سنگین صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی قیمتوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

ہریانہ:

ہریانہ کانگریس کی صدر کماری شیلجا نے آج تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے مدنظر احتجاجی مظاہرہ میں شامل ہوتے ہوئے کہا کہ کورونا بحران میں لوگوں کو دوہری مارجھیلنی پڑ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک طرف جہاں کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے سماج کے ہر شعبہ میں لوگوں کے روزگار ختم ہوئے، آمدنی میں کمی ہوئی، وہیں دوسری طرف پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نے عام آدمی کی کمرتوڑ دی ہے۔ کماری شیلجا پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل کئے جارہے اضافہ کے خلاف پارٹی کے ملک گیر مظاہرہ کے تحت منعقد دھرنے میں کہاکہ بڑی تعداد میں لوگ بے روزگار ہوئے ہیں اور معاشی مندی کے ساتھ ساتھ کورونا وبا سے جدوجہد کررہے ہیں، لیکن حکومت پٹرول- ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے شہریوں سے جبری وصولی کررہی ہے۔ کماری شیلجا نے کرنال کے سیکٹر-12میں منعقد احتجاجی مظاہرہ کی قیادت کی۔ اس دوران وہ کانگریس کے دیگر لیڈروں کے ساتھ مظاہرہ کی جگہ سے بیل گاڑی پر سوار ہوکر چھوٹے سکریٹریٹ پہنچیں اور اپنا احتجاج درج کرایا۔ انہوں نے چھوٹے سکریٹریٹ میں ضلع ڈپٹی کمشنر کو صدر کے نام میمورنڈم سونپا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Jun 2020, 8:35 PM