گجرات انتخابات: کانگریس نے جاری کیا انتخابی منشور، مفت بجلی، کسانوں کی قرض معافی اور 10 لاکھ ملازمتوں کا وعدہ

اشوک گہلوت نے کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے، حکومت بنتے ہی کابینہ کے پہلے اجلاس میں اس منشور پر عمل کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس ہمیشہ منشور کو اہمیت دیتی ہے۔

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

احمد آباد: گجرات انتخابات کے لیے کانگریس نے اپنا منشور جاری کر دیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت سمیت کئی لیڈر اس دوران احمد آباد میں موجود تھے۔ منشور میں پارٹی نے 10 لاکھ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا ہے۔ ساتھ ہی کسانوں کی قرض معافی اور 300 یونٹ تک مفت بجلی دینے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔

گجرات کے انتخابی منشور جاری کرتے وقت ریاست کے انچارج اور راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے، حکومت بنتے ہی کابینہ کے پہلے اجلاس میں اس منشور پر عمل کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس ہمیشہ منشور کو اہمیت دیتی ہے۔


اشوک گہلوت نے کہا کہ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی سخت ہدایات تھیں کہ منشور کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جو وعدے کئے ہیں انہیں ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ گہلوت نے کہا کہ انہوں نے 6 لاکھ لوگوں سے مشاورت کے بعد منشور تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو گمراہ کر رہی ہے اور گجرات میں صرف کانگریس کی حکومت بنے گی۔

کانگریس نے انتخابی منشور میں کیا کیے وعدے؟

  • کانگریس نے منشور میں کہا کہ گھریلو خواتین کو 500 روپے میں گیس سلنڈر دیا جائے گا اور گیس سلنڈر پر سبسڈی کے طور پر باقی رقم حکومت ادا کرے گی۔

  • کانگریس نے طلبہ کی تعلیم کے لیے خصوصی اسکیمیں بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ کانگریس نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کی فیس میں 20 فیصد کمی کی جائے گی۔ دیگر سروس چارجز ختم کر دیئے جائیں گے۔

  • منشور میں کہا گیا ہے کہ کسانوں کے قرضے معاف کئے جائیں گے۔ تالاب بنانے کے لیے حکومت سبسڈی دے گی۔ نہر سے پانی کھیتوں تک مفت پہنچانے کے انتظامات کیے جائیں گے۔

  • ہر گجراتی کا 10 لاکھ تک کا مفت علاج کیا جائے گا اور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔

  • کسانوں کا 3 لاکھ تک کا قرضہ معاف، بجلی کا بل معاف، عام بجلی صارفین کو 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔

  • گجرات میں 10 لاکھ سرکاری ملازمتوں میں نوجوانوں کی بھرتی، 50 فیصد ملازمتیں خواتین کے لیے مختص ہوں گی۔

  • کنٹریکٹ آؤٹ سورسنگ سسٹم سے سرکاری نوکریاں ختم ہو جائیں گی، بے روزگار نوجوانوں کو 3000 روپے ماہانہ بے روزگاری الاؤنس حاصل ہوگا۔

  • دودھ پیدا کرنے والوں کو 5 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔

  • گجرات میں 3000 سرکاری انگلش میڈیم اسکول کھولے جائیں گے، جس میں لڑکیوں کو کے جی سے پی جی (پوسٹ گریجوایٹ) تک مفت تعلیم دی جائے گی۔

  • 4 لاکھ روپے کا کووڈ معاوضہ دیا جائے گا۔

  • گزشتہ 27 سالوں میں جو بدعنوانی ہوئی ہے اس کی تحقیقات کی جائیں گی، انسداد بدعنوانی کا قانون لایا جائے گا اور قصورواروں کو جیل میں ڈالا جائے گا۔

  • گجرات میں پرانی پنشن اسکیم نافذ کی جائے گی۔

  • منریگا اسکیم جیسی شہری روزگار گارنٹی اسکیم لائی جائے گی۔

  • غذائی قلت کو روکنے اور غریبوں کو غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرنے کے لیے اسکیم نافذ کی جائے گی۔


خیال رہے کہ گجرات میں دو مرحلوں میں انتخابات ہوں گے اور ووٹنگ یکم اور 5 دسمبر کو ہوگی، جبکہ نتائج کا اعلان 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔ گجرات میں اس دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ گجرات میں اہم طور پر عام آدمی پارٹی، بی جے پی اور کانگریس انتخابی میدان میں زور آزمائی کر رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔