پی وی نرسمہا راؤ کی برسی پر کانگریس قیادت کا خراجِ عقیدت، اقتصادی اصلاحات کو یاد کیا گیا
پی وی نرسمہا راؤ کی 21ویں برسی پر کانگریس قیادت نے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ رہنماؤں نے اقتصادی اصلاحات، لک ایسٹ پالیسی اور عالمی سطح پر ہندوستان کی نئی شناخت کو یاد کیا

نئی دہلی: ہندوستان کے سابق وزیرِ اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی برسی کے موقع پر کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے دورِ حکومت کو ملک کی اقتصادی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ قرار دیا۔ پی وی نرسمہا راؤ کا انتقال 23 دسمبر 2004 کو ہوا تھا۔ وہ 1991 سے 1996 تک وزیرِ اعظم رہے اور انہی کے دور میں ہندوستان نے سنگین اقتصادی بحران سے نکلنے کے لیے دور رس اصلاحات کا راستہ اختیار کیا۔
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ نرسمہا راؤ کی قیادت میں ہندوستان نے اقتصادی اصلاحات کا ایک انقلابی دور شروع کیا، جس نے ترقی کی مضبوط بنیاد رکھی اور متوسط طبقے کی امیدوں کو نئی سمت دی۔ ان کے مطابق راؤ کے دور میں نہ صرف اقتصادی میدان میں بڑی پیش رفت ہوئی بلکہ خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے شعبوں میں بھی اہم فیصلے کیے گئے۔
کانگریس پارٹی نے اپنے سرکاری ایکس ہینڈل پر جاری بیان میں کہا کہ پی وی نرسمہا راؤ ایک دور اندیش رہنما تھے، جنہوں نے مشکل سیاسی حالات میں بھی جمہوری اقدار کا دامن نہیں چھوڑا۔ پارٹی کے مطابق ان کی دانش مندانہ قیادت اور اصلاحاتی وژن آج بھی نئی نسل کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
کرناٹک کے نائب وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بھی راؤ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 1990 کی دہائی کے آغاز میں ان کے فیصلوں نے ہندوستانی معیشت کی سمت بدل دی۔ انہوں نے کہا کہ راؤ نے نہایت غیر یقینی حالات میں ملک کو داخلی استحکام دیا اور عالمی سطح پر خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی راہ ہموار کی۔
پی وی نرسمہا راؤ جنوبی ہندوستان سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیرِ اعظم تھے اور ہندی خطے سے باہر کے دوسرے رہنما تھے جو اس منصب تک پہنچے۔ ان کے دور میں وزیرِ خزانہ منموہن سنگھ نے 1991 کا تاریخی بجٹ پیش کیا، جس کے ذریعے لبرلائزیشن، پرائیویٹائزیشن اور گلوبلائزیشن کی پالیسیوں کو عملی شکل ملی۔ راؤ کی ’لُک ایسٹ‘ پالیسی نے مشرقی ایشیا کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو مضبوط کیا۔ 2024 میں انہیں بعد از مرگ بھارت رتن سے نوازا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔