کسان قرض معافی: کرناٹک کے بعد پنجاب سے متعلق پی ایم مودی کا بیان بھی جھوٹ ثابت

کانگریس لیڈر سنیل جاکھڑ نے دلچسپ انداز میں نریندر مودی کے جھوٹ سے پردہ ہٹاتے ہوئے ظاہر کر دیا کہ پنجاب میں 4 لاکھ 14 ہزار 285 کسانوں کا قرض معاف کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس نے کرناٹک کے بعد پنجاب میں بھی کسانوں سے متعلق پی ایم مودی کے جھوٹ کا 2 نومبر کو پردہ فاش کر دیا۔ پنجاب سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور ریاستی کانگریس کے صدر سنیل جاکھڑ نے دلچسپ انداز میں نریندر مودی کے جھوٹ سے پردہ ہٹاتے ہوئے ظاہر کر دیا کہ ریاست میں 4 لاکھ 14 ہزار 285 کسانوں کا قرض معاف کیا گیا۔ جاکھڑ نے پی ایم مودی کے اس بیان کو پوری طرح خارج کر دیا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ پنجاب کے ایک بھی کسان کا قرض کانگریس حکومت نے معاف نہیں کیا۔ اس جھوٹ سے پردہ اٹھانے کے لیے کانگریس لیڈر سبھی 414285 کسانوں کے کاغذات کا بنڈل لے کر پارلیمنٹ پہنچ گئے تھے۔ انھوں نے یہاں میڈیا کو یہ بنڈل دکھایا۔

دراصل گزشتہ دنوں ہماچل حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ایک ریلی میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ کانگریس نے جھوٹ بول کر کسانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا تھا کہ کانگریس نے انتخاب جیتنے کے بعد کسانوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔ پنجاب کے کسانوں سے متعلق یہ بیان پی ایم مودی نے دھرم شالہ میں دیا تھا۔ اس بیان کے بعد گزشتہ دن گرداس پور سے رکن پارلیمنٹ جاکھڑ نے کہہ دیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں حقیقت سے پردہ ہٹائیں گے۔ اسی کے تحت 2 جنوری کو کسانوں کی قرض معافی کے کاغذات کا بنڈل لے کر جاکھڑ پارلیمنٹ پہنچے اور کہا کہ ’’وزیر اعظم جھوٹ بول رہے ہیں کہ کانگریس حکومت کسانوں کا قرض معاف نہیں کر رہی، یا بہت کم لوگوں کے قرض معاف کر رہی ہے۔‘‘

اس موقع پر کانگریس لیڈر جاکھڑ نے کہا کہ وزیر اعظم جیسے عہدہ پر بیٹھے شخص کو سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے اس طرح سے جھوٹ نہیں بولنا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پنجاب کی کانگریس حکومت نے ڈھائی ایکڑ تک کے کسانوں کو دو لاکھ تک کا قرض معاف کیا ہے۔ اس سے متعلق جانکاریاں حکومت کی طرف سے سبھی بینکوں کو بھی دی گئی ہیں۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’جلد ہی ریاستی حکومت پانچ ایکڑ تک کے کسانوں کے قرض معافی کا اعلان کر سکتی ہے اور اس سلسلے میں کارروائی چل رہی ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل پی ایم مودی نے کانگریس-جے ڈی ایس حکومت کے ذریعہ کرناٹک میں محض 800 کسانوں کا قرض معاف کرنے کی بات کہی تھی اور اس جھوٹ سے پردہ altnews.com نے اپنی ایک رپورٹ میں اٹھایا تھا۔ رپورٹ میں واضح لفظوں میں لکھا گیا تھا کہ پی ایم مودی نے پرانے اعداد و شمار پیش کیے جبکہ کرناٹک میں ہزاروں کسانوں کا قرض معاف ہو چکا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جس دن پی ایم مودی نے یہ جھوٹ بولا اس کے ایک دن پہلے ہی یعنی 28 دسمبر کو ’دی ہندو‘ میں شائع ایک مضمون میں بتایا گیا تھا کہ کرناٹک میں 70 ہزار کسانوں کو قرض معافی کا فائدہ مل چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔