کانگریس کا مودی حکومت پر شدید حملہ، اقتصادی بحران اور عوامی مشکلات پر ناکام قرار دیا

کانگریس نے مودی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے ترقی کی شرح میں کمی، روپے کی کمزوری، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے بڑھتے ہوئے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا

جے رام رمیش، تصویر آئی اے این ایس
جے رام رمیش، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس نے ہفتے کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی معاملات میں حکومت مسلسل ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ‘‘موڈانی حکومت اقتصادی معاملات میں مسلسل ناکام ہو رہی ہے۔ ترقی کی شرح تیزی سے گر رہی ہے، روپیہ کمزور ہو رہا ہے، صنعتی پیداوار رکا ہوا ہے، این پی اے میں اضافہ ہو رہا ہے، بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے اور نوکریاں کم ہو رہی ہیں۔’’

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ زمینی حالات جی ڈی پی کی کمی سے زیادہ سنگین ہیں اور تمام اقتصادی فارمولوں میں گڑبڑ جاری ہے، پھر بھی اقتصادی اشارے مسلسل نیچے جا رہے ہیں۔ رمیش نے الزام لگایا، ’’عوام پریشان ہیں، 'موڈانی' خوش ہیں۔ بی جے پی کی حکومت نے ہندوستانی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔‘‘


انہوں نے اپنی ایک اور پوسٹ میں ریزرو بینک آف انڈیا کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر مائیکل پاترا کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’پاترا نے موجودہ اقتصادی حالات کو بہت اچھے انداز میں بیان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معیشت اتنی تیزی سے آگے نہیں بڑھ رہی جتنی تیزی سے بڑھنی چاہیے کیونکہ نجی سرمایہ کاری نہیں بڑھ رہی اور مینوفیکچرنگ شعبہ میں ترقی سست ہے۔‘‘ رمیش نے یہ بھی کہا کہ یہ دونوں عوامل صارفین کی طرف سے مانگ میں کمی کی وجہ سے ہیں، جو مہنگائی کی مار جھیل رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔