کانگریس نے کی ’ڈونیٹ فار نیائے‘ مہم کی شروعات، کھڑگے نے کہا ’نیائے کے 5 ستون، سبھی کے لیے جنگ کا آغاز‘

ہفتہ کے روز نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے سینئر لیڈران اجئے ماکن، جئے رام رمیش، وجئے اندر سنگلا وغیرہ کی موجودگی میں ’ڈونیٹ فار نیائے‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>ڈونیٹ فار نیائے، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ڈونیٹ فار نیائے، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس نے ’ڈونیٹ فار دیش‘ مہم کی زبردست کامیابی کے بعد ’ڈونیٹ فار نیائے‘ عنوان سے ایک نئی کراؤڈ فنڈنگ مہم کی شروعات کر دی ہے۔ اس کے لیے donateinc.in پر جا کر مالی مدد کی جا سکتی ہے۔ اس مہم کے لیے کانگریس نے ایک کیو آر کوڈ بھی لانچ کیا ہے جس پر اسکین کر لوگ عطیہ کر سکیں گے۔ اس مہم کی شروعات کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’نیائے کے 5 ستون، سبھی کے لیے جنگ کا آغاز۔ یوا نیائے، شراکت داری نیائے، ناری نیائے، کسان نیائے، مزدور نیائے۔‘‘ اس کے بعد وہ لکھتے ہیں ’’ڈونیٹ فار نیائے سے اپنا اہم تعاون دیجیے۔ آپ کا یوگدان (تعاون)، نیائے کا ابھیان (مہم)۔‘‘

ہفتہ کے روز نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں پارٹی کانگریس کے خزانچی اجئے ماکن، کانگریس محکمہ مواصلات کے انچارج جنرل سکریٹری جئے رام رمیش، پارٹی کے شریک خزانچی وجئے اندر سنگلا کی موجودگی میں ’ڈونیٹ فار نیائے‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر اجئے ماکن نے کہا کہ اس سے قبل گزشتہ 18 دسمبر کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ’ڈونیٹ فار دیش‘ کے ذریعہ کراؤڈ فنڈنگ کی شروعات کی تھی۔ اب اس میں ایک نیا باب ’ڈونیٹ فار نیائے‘ شروع کیا گیا۔ اس کے ذریعہ راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ میں ملکی باشندے اپنی صلاحیت کے مطابق تعاون دے سکتے ہیں۔


اجئے ماکن نے اس نئی کراؤڈ فنڈنگ سے متعلق ایک پریس کانفرنس کے دوران جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’ڈونیٹ فار نیائے‘ مہم آج صبح 11 بجے سے شروع ہو گئی ہے۔ اس مہم کی لانچنگ پر کانگریس کے محکموں اور کچھ قریبی ریاست کے لیڈروں نے ڈونیشن کیا ہے۔ اس سے شروعاتی دو گھنٹے میں ہی دو کروڑ روپے جمع ہو گئے۔ راہل گاندھی کی یاترا میں ’نیائے یودھا‘ (انصاف کا جنگجو) بن کر عطیہ کرنے والے ساتھیوں کا انھوں نے شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ لوگوں نے راہل گاندھی کو 20 روپے فی کلومیٹر سے لے کر 100 روپے فی کلومیٹر تک عطیہ کیا ہے۔ یعنی ان ساتھیوں نے ایک لاکھ 34 ہزار روپے سے لے کر 6 لاکھ 70 ہزار روپے تک کانگریس ہیڈکوارٹر میں پہنچ کر عطیہ کیا ہے، جس کی وہج سے دو گھنٹے میں ہی دو کروڑ روپے جمع ہو گئے۔ اس سے قبل ’ڈونیٹ فار دیش‘ مہم میں تقریباً 17 کروڑ روپے جمع ہوئے تھے۔ یعنی آج مجموعی عطیہ 20 کروڑ روپے سے پار ہونے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا۔

’ڈونیٹ فار نیائے‘ مہم کے تعلق سے تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے ماکن نے کہا کہ اس مہم میں کئی نئی چیزیں جوڑی گئی ہیں۔ اس کے تحت جو بھی شخص 670 روپے یا اس سے زیادہ عطیہ کرے گا، اسے راہل گاندھی جی کے ذریعہ دستخط کی ہوئی ٹی شرٹ بطور تحفہ دی جائے گی۔ جو لوگ 67 ہزار روپے یا اس سے زیادہ عطیہ کریں گے، انھیں ایک ’نیائے کِٹ‘ دیا جائے گا۔ اس کِٹ میں ٹی شرٹ، بیگ، بینڈ، بیچ اور اسٹیکر ہوگا۔ جو لوگ کچھ بھی عطیہ کریں گے انھیں راہل گاندھی جی کا دستخط شدہ خط اور عطیہ کا ایک سرٹیفکیٹ ملے گا۔


کانگریس کا کہنا ہے کہ ’ڈونیٹ فار نیائے‘ مہم کا مقصد لوگوں کو ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کا حصہ بنانا ہے۔ اجئے ماکن کا کہنا ہے کہ وہ اور شریک خزانچی وجئے اندر سنگلا آئندہ ہفتہ سے ملک کے دیگر حصوں میں ’ڈونیٹ فار نیائے‘ مہم کے تحت کراؤڈ فنڈنگ جمع کریں گے۔ اس مہم میں زیادہ سے زیادہ کانگریس کارکنان کو جوڑا جائے گا۔ اتنا ہی نہیں، اس مہم میں کانگریس نے ’ریفرڈ بائے‘ کا ایک نیا کالم پیش کیا ہے۔ اس میں لوگوں کو انھیں عطیہ کے لیے حوصلہ دینے والے شخص کا موبائل نمبر ڈالنا ہے۔ کانگریس سرفہرست پانچ لوگوں کے نام اپنی ویب سائٹ پر ڈالے گی، جنھوں نے لوگوں کو عطیہ کے لیے سب سے زیادہ حوصلہ دیا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔