کانگریس نے ترقی کی بنیاد رکھی، نتیش کمار تو خصوصی ریاست کا درجہ بھی نہیں دلا سکے: ملکارجن کھڑگے
ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’گزشتہ 20 سالوں سے بہار میں نتیش کمار کی حکومت ہے، لیکن حالات بد سے بدتر ہو گئے ہیں۔ نتیش کمار 9 بار وزیر اعلیٰ بنے، لیکن بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ تک نہیں دلا سکے۔‘‘

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے پیر کو بہار میں ویشالی ضلع کے راجاپاکڑ میں انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے نتیش کمار کے ساتھ ساتھ این ڈی اے پر بھی جم کر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں سے بہار میں نتیش کمار کی حکومت ہے، لیکن حالات بد سے بدتر ہو گئے ہیں۔ نتیش کمار 9 بار وزیر اعلیٰ بنے، لیکن کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہوئی۔ بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ تک نہیں دلا سکے۔
کانگریس صدر نے مزید کہا کہ کانگریس نے دہائیوں تک بہار کی ترقی کی بنیاد رکھی، سماجی انصاف، تعلیمی اور معاشی آزادی کا ڈھانچہ اسی سرزمین پر تشکیل پایا۔ یہ انتخاب صرف حکومت بدلنے کی نہیں ہے، بلکہ جمہوریت اور آئین کے تحفظ کی بھی تحریک ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہر ریاست میں جمہوریت کو کمزور کر رہی ہے۔ سی بی آئی، ای ڈی اور آئی ٹی کا غلط استعمال کرتے ہوئے مینڈیٹ چھین لیا گیا ہے۔ یہ ڈبل انجن کی حکومت نہیں ہے، بلکہ ڈبل دھوکے کی حکومت ہے، جس نے بہار کے پانی، جنگلات اور زمین کو برباد کیا۔
ملکارجن کھڑگے کا کہنا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس سماجی انصاف کے مخالف ہیں۔ ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور اقلیتوں کے حقوق پر حملے کیے گئے ہیں۔ گزشتہ 11 سالوں میں مودی حکومت نے جمہوری اداروں کو کمزور کیا۔ ملک میں معاشی عدم مساوات اپنے عروج پر ہے۔ 5 فیصد لوگوں کے پاس ملک کی 60 فیصد سے زیادہ دولت ہے، جبکہ نچلے حصے کے 50 فیصد لوگوں کے پاس مجموعی دولت کا صرف 3 فیصد ہے۔
کھڑگے کا کہنا ہے کہ آج پورے ملک میں 30 لاکھ سرکاری عہدے خالی ہیں، جس میں سے 9 لاکھ 70 ہزار عہدے مرکزی حکومت کے ہی ہیں، لیکن نوجوانوں کو روزگار دینے کی جگہ حکومت سرکاری اداروں کو فروخت کر رہی ہے۔ نوٹ بندی، لاک ڈاؤن اور آکسیجن سلنڈر بحران نے دکھا دیا کہ یہ حکومت عوام سے کس قدر دور ہے۔ بی جے پی پورے ملک میں ای ڈی، سی بی آئی اور آئی ٹی کا ڈر دکھا کر اپوزیشن کی آواز دبا رہی ہے۔ جن ایجنسیوں کو قانون اور انصاف کے لیے کام کرنا چاہیے، انہیں سیاسی ہتھیار بنا دیا گیا ہے۔ بدعنوانی کے سنگین الزامات والے لوگ بی جے پی میں شامل ہو جاتے ہیں تو انہیں پاک قرار دے دیا جاتا ہے۔
کانگریس کے قومی صدر نے بہار کی زمینی حقیقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نیتی آیوگ انڈیکس میں بہار سب سے خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ریاست ہے۔ بہار کی فی کس آمدنی ملک میں سب سے کم ہے۔ فی کسان خاندان کی اوسط ماہانہ آمدنی صرف 7500 روپے ہے۔ خواتین اور بچوں کی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ ساتھ ہی بہار کے وزراء پر درج معاملوں کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ 34 میں سے 17 وزراء پر سنگین مجرمانہ الزامات ہیں۔ ریاست میں 2005 سے 2023 تک تقریباً 60 ہزار قتل کے معاملے درج ہوئے ہیں۔ نتیش کی دور حکومت میں ایک لاکھ دلتوں کے خلاف مظالم کے معاملات درج ہوئے ہیں۔
ووٹروں کو پیغام دیتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ بہار کے ووٹرس جمہوریت کے محافظ ہیں۔ ’نہ ریوڑیوں پر بِکتے ہیں، نہ ڈر کے آگے جھکتے ہیں۔‘ مودی حکومت انتخاب سے پہلے منصوبوں کا اعلان کرتی ہے، پھر بعد میں بھول جاتی ہے۔ بہار کے ووٹرس ریوڑی نہیں انصاف اور عزت چاہتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔