کانگریس نے پارٹی اراکین پارلیمنٹ کو جاری کیا 3 سطری وہپ، 10 سے 12 اگست تک ایوان میں حاضر رہنے کی ہدایت
وہپ جاری کرنے والا قدم ایسے وقت اٹھایا گیا ہے جب متنازعہ ’ایف سی آر اے ترمیمی بل‘ پر بحث کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ حکومت آئندہ ہفتہ اس بل کو بحث اور منظوری کے لیے پیش کر سکتی ہے۔

پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس اپنے اختتام کی طرف بڑھ چکا ہے، اور اب سیاسی سرگرمیاں بھی اچانک تیز ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ کانگریس نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپنے تمام اراکین پارلیمنٹ کو حاضر رہنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ پارٹی نے راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے اپنے اراکین کے لیے ’3 سطری وہپ‘ جاری کیا ہے۔ اس کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ کو 10، 11 اور 12 اگست کو ایوان میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پارٹی کے مطابق ان 3 دنوں کے دوران انتہائی اہم موضوعات پر بحث ہوگی، اس لیے پارلیمنٹ میں ان کی حاضری بہت اہم ہے۔
کانگریس نے اپنے اتحادیوں کو بھی متحد کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پارٹی نے ’انڈیا بلاک‘ کی تمام اتحادی پارٹیوں سے رابطہ کیا ہے۔ ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان 3 دنوں کے دوران اپنے اراکین پارلیمنٹ کی سو فیصد حاضری یقینی بنائیں۔ گزشتہ دنوں پارلیمنٹ کی کارروائی کے دوران راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے حکومت پر سخت حملہ آور نظر آئے تھے۔ انہوں نے طلبا کی تحریک پر حکومت کی خاموشی پر سوال اٹھائے تھے۔
وہپ جاری کرنے والا قدم ایسے وقت اٹھایا گیا ہے جب متنازعہ ’ایف سی آر اے ترمیمی بل‘ پر بحث کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ حکومت آئندہ ہفتہ اس بل کو بحث اور منظوری کے لیے پیش کر سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی حلقہ بندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل سے متعلق بھی سیاسی حلقوں میں چہ می گوئیاں جاری ہیں۔ تاہم پارلیمانی امور کے وزیر مملکت نے آئندہ ہفتہ کے ممکنہ سرکاری کام کاج کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے اس معاملے پر کوئی وضاحت نہیں کی۔ انہوں نے اپنے بیان میں ایف سی آر اے ترمیمی بل یا خواتین کے ریزرویشن اور حلقہ بندی سے متعلق کسی بل کا ذکر نہیں کیا۔
اس کے باوجود اپوزیشن کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتی۔ راجیہ سبھا میں کانگریس کے چیف وہپ جے رام رمیش نے 3 سطری وہپ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’پیر، منگل اور بدھ، یعنی 10، 11 اور 12 اگست 2026 کو راجیہ سبھا میں انتہائی اہم معاملات پر بحث ہوگی۔‘‘ انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے لکھا کہ ’’کانگریس کے تمام راجیہ سبھا اراکین 10، 11 اور 12 اگست کو صبح 11 بجے سے ایوان کی کارروائی ملتوی ہونے تک لازمی طور پر موجود رہیں۔ تمام اراکین پارٹی کے مؤقف کی حمایت کریں۔ اسے انتہائی اہم سمجھا جائے۔‘‘ اسی نوعیت کا وہپ لوک سبھا میں کانگریس کے اراکین کے لیے بھی جاری کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پارلیمانی حکمت عملی کے تحت ’3 سطری وہپ‘ کو انتہائی سنجیدہ ہدایت تصور کیا جاتا ہے۔ اس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں پارٹی متعلقہ رکن کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے۔ اس 3 سطری وہپ سے یہ اندازہ تو بخوبی ہو گیا ہے کہ آئندہ 3 دنوں میں ممکنہ قانون سازی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپوزیشن مکمل تیاری کے ساتھ پارلیمنٹ میں اترنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
