راجستھان: کانگریس کی پہلی فہرست جاری، 9 مسلم امیدوار شامل

بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئے رکن اسمبلی حبیب الرحمن کو ناگور جبکہ سابق رکن اسمبلی مقبول کے بیٹے رفیق کو چورو سے امیدوار بنایا گیا ہے جبکہ پشکر سیٹ سے محترمہ نسیم اختر کو موقع دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جےپور: راجستھان میں آئندہ سات دسمبر کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کےلئے کانگریس نے جمعرات کو دیررات 152 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ جس میں سابق وزیراعلی اشوک گہلوت سمیت پارٹی کے موجودہ 22 اراکین اسمبلی اور 46 نئے چہروں کے ساتھ ساتھ 20 خواتین کو بھی انتخابی میدان میں اتارنے کی تیاری ہے۔

اس میں 9 مسلم، 23جاٹ، 13 راجپورت، اتنے ہی برہمن، 9 ویشیے اور 9 گرجروں کو ٹکٹ دیاگیا ہے۔ اس کے علاوہ 29 درج فہرست ذات اور 24 درج فہرست قبائل کے امیدوار انتخابی میدان میں اتارے ہیں۔

کانگریس کی پہلی فہرست میں چورو سے رفیق منڈیلیا، فتح پور سے حاکم علی، کشن پول سے امین کاغذی، سوائی مادھو پور سے دانش ابرار، پشکر سے محترمہ نسیم اختر، ناگور سے حبیب الرحمن، پوکرن سے صالح محمد، شیو سے امین خان اور مکرانہ سے ذاکر حسین کو امیدوار بنایا ہے۔

کانگریس لیڈروں کے خاندان کے ممبروں کو بھی ٹکٹ دیاگیا ہے جس میں رکن اسمبلی نارائن سنگھ کے بیٹے ویریندر، سابق وزیر مہیپال مدیرنا کی بیٹی دویا مدیرنا، سابق وزیر رام سنگھ کے پوتے مہیندر، سابق رکن اسمبلی مقبول کے بیٹے رفیق سمیت دو درجن سے زیادہ لوگ شامل ہیں۔

کانگریس کی پہلی فہرست میں گہلوت کو جودھپور کےسردار پورا کے علاوہ کانگریس کے ریاستی صدر سچن پائلٹ کو ٹونک، اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر رامیشور ڈوڈی کو بیکانیر کے نوکھا ، ساق مرکزی وزیر سی پی جوشی کو ناتھ دوارا، گریجا ویاس کو اودے پور اسمبلی علاقے سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔

سابق گہلوت حکومت کے وقت میں 22 وزرا اور چھ پارلیمانی سکریٹریوں کو پھر موقع دیا گیا ہے۔ ان میں شانتی دھاری وال، بھرت سنگھ، ماسٹر بھنور لال میگھوال، ہیما رام چودھری، ویریندر بینی وال، راجیندر پارک اور دیگر شامل ہیں۔ ان میں سابق اسمبلی اسپیکر دیپیندر شیکھاوت کو بھی اس بار پھر موقع دیا گیا ہے۔ کانگریس نے آزاد رکن اسمبلی راج کمار شرما کو نول گڑھ سے پارٹی کا امیدوار بنایا ہے۔

اس کے علاوہ بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئے رکن اسمبلی حبیب الرحمن کو ناگور، رکن پارلیمنٹ ہریش مینا کو دیولی انیارا، کنہیا لال جھنور کو مشرقی بیکانیر سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ اسی طرح زمین دارا پارٹی سے کانگریس میں آئی سونا دیوی باوری کو رائے سنگھ نگر، راج کمار کو نول گڑھ اور سابق آئی پی ایس سوائی سنگھ گودارا کو کھینوسر سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔

تین رکن اسمبلی اور سابق ریاستی صدر چندربھان اور بی ڈی کلا کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔ کلا کے حامی ناراض ہو گئے ہیں اور بیکانیر میں ان کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا ہے۔ اسی طرح کوٹہ میں بھی راکھی گوتم کو ٹکٹ دینے کے بعد شیوپال نندوانا کے حامیوں نے مخالفت شروع کردی ہے۔ اسی طرح جے پور میں سابق میئر جیوتی کھنڈیلوال کو ٹکٹ نہ ملنے سے ان کے حامی بھی ناراضگی ظاہر کررہے ہیں۔

دوسری طرف بی جےپی اب تک 162امیدواروں کی فہرست جاری کرچکی ہے جس میں ایک بھی مسلم شامل نہیں ہے۔ بی جےپی نے 19 خواتین کو الیکشن میں موقع دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Nov 2018, 4:09 PM