مدھیہ پردیش میں کانگریس 150 سیٹوں پر جیت رہی ہے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی نے ارب پتیوں کے 14 لاکھ کروڑ روپے معاف کر دئے ہیں لیکن کسانوں اور نوجوانوں کا قرض معاف نہیں کیا گیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر ایکس</p></div>

تصویر ایکس

user

قومی آوازبیورو

بھوپال: مدھیہ پردیش کے اسمبلی انتخابات میں امیدواروں کے حق میں تشہیر کرنے پہنچے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’مدھیہ پردیش میں کانگریس کا طوفان آنے والا ہے اور عوام پارٹی کو 150 سیٹوں پر فتح سے ہم کنار کرے گی۔ اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ 2018 میں آپ نے کانگریس پارٹی کی حکومت کا انتخاب کیا اور پھر بی جے پی کے لیڈران نے نریندر مودی، امت شاہ، شیوراج سنگھ چوہان نے کروڑوں روپے دے کر ارکان اسمبلی کو خرید لیا اور آپ کے ساتھ دھوکہ دہی کی۔‘‘

راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اور اس کے لیڈران نے مدھیہ پردیش کے ارب پتیوں کو نہیں بلکہ کسانوں، نوجوانوں، خواتین اور مزدوروں کو دھوکہ دیا۔ ریاست میں جب کانگریس کی حکومت اقتدار میں آئی تھی تو ہم نے 27 لاکھ کسانوں کا قرض معاف کیا تھا۔

واضح رہے کہ ریاست میں اسمبلی کل 230 سیٹیں ہیں اور مکمل اکثریت کے لیے 116 سیٹیں درکار ہیں۔ گزشتہ انتخابات کے دوران کانگریس کو 114 اور بی جے پی کو 109 سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ متعدد لیڈران کے وابستگی تبدیل کرنے کے سبب کانگریس کی حکومت گر گئی تھی۔


راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی نے ارب پتیوں کے 14 لاکھ کروڑ روپے معاف کر دئے ہیں لیکن کسانوں اور نوجوانوں کا قرض معاف نہیں کیا گیا۔ میڈیا میں صرف اور صرف نریندر مودی کا چہرہ نظر آتا ہے کیونکہ میڈیا کا ریموٹ ارب پتیوں کے ہاتھ میں ہے۔ اگر کسانوں-مزدوروں کے ہاتھ میں میڈیا کا ریموٹ ہوتا تو آپ کو راہل گاندھی کا چہرہ نظر آتا۔

راہل گاندھی نے کہا ’’کانگریس پارٹی کی پہلی ذمہ داری کسانوں، نوجوانوں، خواتین اور مزدوروں کی حفاظت کرنا ہے، اس لیے ہمارا آپ سے وعدہ ہے کہ کسانوں کا قرض معاف کیا جائے گا۔ ہم گیہوں کے لئے 2600 روپے فی کوئنٹل اور دھان کے لیے 2500 روپے فی کوئنٹل فراہم کریں گے اور اسے بڑھا کر 3000 روپے تک کیا جائے گا۔ ہر خاتون کو 1500 روپے اس کے کھاتے میں ادا کئے جائیں گے اور بیٹی کے پیدا ہونے پر ڈھائی لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔‘‘

راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت غریبوں سے لیتی ہے اور بینکوں کا پورا پیسہ اپنے صنعت کار دوستوں کو دے دیتی ہے۔ انہوں نے کہا ’’دو طرح کی حکومت ہوتی ہیں ایک وہ جو غریبوں کی جیب میں پیسہ ڈالتی ہے اور دوسری وہ جو چند صنعت کاروں کی جیب میں پیسہ ڈالتی ہیں۔ ہم نے ایم پی میں پچھلی مرتبہ کسانوں کا قرض معاف کیا تھا، اس مرتبہ ہم پھر سے قرض معاف کریں گے۔ بڑے صنعت کاروں نے نریندر مودی اور شیوراج سنگھ چوہان کے ساتھ مل کر ہماری حکومت چوری کرنے کا کام کیا تھا۔‘‘

بدعنوانی میں اضافہ کا ذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا ’’یہاں پر بچوں کو جو اسکول میں کھانا دیا جاتا ہے، اس میں بھی بڑی لوٹ ہوئی ہے۔ مدھیہ پردیش پہلی ایسی ریاست ہے، جہاں پر مرے ہوئے لوگوں کا علاج ہوتا ہے! یہاں کا سب سے بڑا گھوٹالہ ویاپم گھوٹالہ ہے، جس میں شیوراج سنگھ چوہان حکومت نے ایک کروڑ نوجوانوں کو نقصان پہنچانے کا کام کیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔