’کانگریس ملک کی واحد پارٹی ہے، جس نے جمہوری طریقے سے اپنا پارٹی صدر منتخب کیا‘

کانگریس پارٹی کے قومی صدر کے طور پر ملکارجن کھڑگے کی جیت جمہوری طریقے سے ہوئی ہے۔ کانگریس ملک کی واحد پارٹی ہے جس میں صدر کا انتخاب اس کے کارکنوں کے ووٹوں سے ہوتا ہے

ملکارجن کھڑگے، تصویر آئی اے این ایس
ملکارجن کھڑگے، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ممبئی: کانگریس پارٹی کے قومی صدر کے طور پر ملکارجن کھڑگے کی جیت جمہوری طریقے سے ہوئی ہے۔ کانگریس ملک کی واحد پارٹی ہے جس میں صدر کا انتخاب اس کے کارکنوں کے ووٹوں سے ہوتا ہے۔ کھڑگے کے پارٹی صدرمنتخب ہونے پران خیالات کا اظہار ریاستی کانگریس کے صدرناناپٹولے نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے صدر کے پاس وسیع تجربہ اور سب کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیت ہے۔مجھے یقین ہے کہ کھڑگے کی قیادت میں کانگریس پارٹی ایک بار پھر اپنے شاندار ماضی کو حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے صدر کی قیادت میں ہم مل کر مرکز کی آمر حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور اسے اقتدار سے باہر کر دیں گے۔ ریاستی صدر نانا پٹولے نے ملکارجن کھڑگے کو پارٹی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش ظاہر کی۔


انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کی واحد پارٹی ہے جو تمام ذات پات اور مذہب کے لوگوں کو یکساں مواقع فراہم کرتی ہے۔ کانگریس میں صدر کا انتخاب کارکنان کرتے ہیں، جبکہ دوسری جماعتوں میں صدر مسلط کیا جاتاہے۔ ملکارجن کھڑگے نے کانگریس پارٹی کی طرف سے دی گئی ذمہ داری کو کامیابی سے نبھایا ہے۔ اپنی طالب علمی کی زندگی سے سیاسی آغاز کرنے والے کھڑگے نے شہر صدر، مزدور لیڈر، ایم ایل اے، ایم پی، کرناٹک قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، کرناٹک کے صدر کے طور پر خدمات انجام دے کر ریاست اور مرکز میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔

راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر بھی انہوں نے مرکزی حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے کئی سخت سوالات کئے۔ ملکارجن کھڑگے مہاراشٹر کے انچارج کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔ ان کی رہنمائی میں کانگریس پارٹی نے مہاراشٹر میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔


نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کی سب سے پرانی تجربہ کار پارٹی ہے جو ابتداء سے ہی جمہور ی قدروں پر یقین رکھتی ہے۔ پنڈت جواہر لال نہرو، جگ جیون رام، نیلم سنجیوا ریڈی، کے کامراج، شنکر دیال شرما، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے بطور صدر اپنے بہترین کارکردگی کی بناء پر پارٹی کو ایک نئی سمت دی ہے۔ سونیا گاندھی نے انتہائی مشکل حالات میں پارٹی کی قیادت کرکے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ ان کی قیادت میں پارٹی کا احیاء ہوا ہے۔پٹولے نے کہا کہ اب ملکارجن کھڑگے کے صدر بننے کے بعد کانگریس پارٹی میں ایک نیا جذبہ اور جوش پیدا ہوگا اور ہم مرکز میں ذات پات والی جنونی اور آمر حکومت کو شکست دینے میں کامیاب ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */