کانگریس نے ہریانہ کی 90 نشستوں میں سے 66 کے لیے امیدواروں کا نام کیا فائنل، عآپ سے اتحاد پر تصویر جلد ہوگی صاف

چیف الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی، جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، ہریانہ انچارج دیپک بابریا اور سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر ہڈا موجود رہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

ہریانہ اسمبلی انتخاب میں کانگریس امیدواروں کے انتخاب کو لے کر کانگریس مرکزی الیکشن کمیٹی کی دوسری میٹنگ آج ہوئی۔ منگل کو ہوئی سی ای سی کی اس میٹنگ میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی، جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، ہریانہ انچارج دیپک بابریا اور سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا موجود رہے۔

میٹنگ کے بعد ہریانہ کانگریس انچارج دیپک بابریا نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کل (پیر) 49 سیٹوں پر تبادلہ خیال ہوا تھا اور آج باقی 41 سیٹوں پر امیدواروں کے لیے غور و خوض ہوا۔ آج ہوئی بات چیت میں 41 میں سے 32 سیٹوں پر امیدواروں کے نام طے ہو گئے ہیں۔ دیپک بابریا نے مزید وضاحتی انداز میں کہا کہ اب تک مجموعی طور پر 66 سیٹوں پر امیدواروں کا نام طے ہو گیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ دو تین دنوں میں یہ تصویر بھی صاف ہو جائے گی کہ عآپ کے ساتھ اتحاد ہوگا یا نہیں، اس معاملے میں بات چیت فی الحال چل رہی ہے۔


ہریانہ کانگریس انچارج دیپک بابریا کا کہنا ہے کہ جمعرات تک پارٹی کی طرف سے امیدواروں کی فہرست جاری ہو جانے کی امید ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ میٹنگ کے دوران ونیش اور بجرنگ کی امیدواری پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ یعنی 66 سیٹوں کے لیے کانگریس نے جن امیدواروں کے نام طے کیے ہیں، ان میں ونیش پھوگاٹ یا بجرنگ پونیا کا نام شامل نہیں ہے۔

بہرحال، خصوصی ذرائع سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق کانگریس نے ہریانہ اسمبلی انتخاب میں اتحاد سے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کے سی وینوگوپال کی دیکھ ریکھ میں یہ کمیٹی بنائی گئی ہے۔ اس کمیٹی کا رکن اسکریننگ کمیٹی کے صدر اجئے ماکن، بھوپندر سنگھ ہڈا اور کانگریس انچارج دیپک بابریا کو بنایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔