کانگریس نے مغربی بنگال میں تنہا انتخاب لڑنے کا کیا اعلان، سبھی 294 سیٹوں پر اتارے جائیں گے امیدوار
کانگریس لیڈر اور مغربی بنگال کے انچارج غلام احمد میر کے مطابق سبھی سے تبادلۂ خیال کے بعد طے ہوا ہے کہ مغربی بنگال میں کانگریس سبھی 294 سیٹوں پر تنہا انتخاب لڑے گی۔

مغربی بنگال میں رواں سال اسمبلی انتخاب ہونا ہے، اس کے پیش نظر کانگریس کے سرکردہ لیڈران کی آج انتہائی اہم میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں تبادلۂ خیال کے بعد کانگریس نے مغربی بنگال میں تنہا انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یعنی کانگریس کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد قائم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی ہے۔ اس بارے میں کانگریس لیڈر اور مغربی بنگال معاملہ کے انچارج غلام احمد میر نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے تفصیلی جانکاری دی۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش پر یہ میٹنگ ہوئی، جس میں پارٹی صدر کے علاوہ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی، پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے کئی اہم لیڈران موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے غلام احمد میر نے کہا کہ ’’کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ مغربی بنگال کانگریس کمیٹی کے لیڈران کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں مغربی بنگال میں ہونے والے انتخاب سے متعلق حکمت عملی پر بات چیت کی گئی، جس میں سبھی نے اپنے مشورے دیے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’سبھی سے تبادلہ خیال کے بعد طے ہوا ہے کہ مغربی بنگال میں کانگریس سبھی 294 سیٹوں پر تنہا انتخاب لڑے گی۔ ہم اسی کے مدنظر تیاری کریں گے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ 2016 اور 2021 کے اسمبلی انتخابات میں کاگنریس کا بایاں محاذ کے ساتھ اتحاد قائم ہوا تھا۔ لیکن اس بار کانگریس نے بایاں محاذ پارٹیوں کے ساتھ اتحاد سے متعلق کوئی دلچسپی نہیں دکھائی ہے۔ بایاں محاذ سے کسی طرح کی بات چیت نہ ہونے سے اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ کانگریس ٹی ایم سی (ترنمول کانگریس) کے ساتھ اتحاد کر سکتی ہے۔ لیکن اب یہ صاف ہو گیا ہے کہ کانگریس نے تنہا انتخابی میدان میں اترے گی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے اس فیصلہ کا استقبال کیا ہے اور کہا ہے کہ اعلیٰ کمان نے جو فیصلہ کیا، ہم اس کے ساتھ ہیں۔
کانگریس اور بایاں محاذ نے 2016 میں جب مل کر انتخاب لڑا تھا، تب کانگریس نے 44 سیٹیں جیتی تھیں، جبکہ سی پی آئی ایم کو 26 سیٹیں ملی تھیں۔ 2021 میں لیفٹ فرنٹ اور کانگریس دونوں کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی۔ 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں بھی کانگریس نے بایاں محاذ کے ساتھ اتحاد کیا تھا، لیکن اس میں بھی خاطر خواہ فائدہ دیکھنے کو نہیں ملا تھا۔ کانگریس کو ایک سیٹ پر کامیابی ملی تھی، جبکہ سی پی آئی ایم کے ہاتھ ایک بھی سیٹ نہیں لگی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔