پنجاب میں کانگریس کو ملی بڑی کامیابی، ’نواں پنجاب پارٹی‘ کا کانگریس میں انضمام

سابق رکن پارلیمنٹ دھرم ویر گاندھی نے یکم اپریل کو اپنی پارٹی ’نواں پنجاب پارٹی‘ کو کانگریس میں ضم کرنے کا اعلان کر دیا۔

<div class="paragraphs"><p>دھرم ویر گاندھی کی کانگریس میں شمولیت، تصویر ویڈیو گریب</p></div>

دھرم ویر گاندھی کی کانگریس میں شمولیت، تصویر ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: لوک سبھا انتخاب سے عین قبل کانگریس کو پنجاب میں ایک بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ دھرم ویر گاندھی نے پیر کے روز اپنی ’نواں پنجاب پارٹی‘ کا کانگریس میں انضمام کر دیا۔ دھرم ویر گاندھی نے 2014 میں عآپ امیدوار کی شکل میں پٹیالہ سے پرنیت کور کو شکست دے کر لوک سبھا الیکشن جیتا تھا۔ بعد میں دھرم ویر گاندھی نے عآپ کو خیر باد کہہ کر ’نواں پنجاب پارٹی‘ نام سے اپنی نئی پارٹی تشکیل دی تھی۔ اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کے بعد دھرم ویر نے کہا کہ ’’آنے والا لوک سبھا انتخاب بہت اہم ہے۔ یہ ملک کی سمت طے کرے گا۔ ایسے وقت میں صحیح پارٹی کے ساتھ کھڑا ہونا بہت ضروری ہے۔ اس لیے میں کانگریس میں شامل ہوا ہوں۔‘‘

یکم اپریل کو نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں کانگریس محکمہ مواصلات میں میڈیا و پبلسٹی کے چیئرمین پون کھیڑا، پنجاب کانگریس انچارج دیویندر یادو، پنجاب کانگریس صدر امرندر سنگھ راجہ اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پرتاپ سنگھ باجوا کی موجودگی میں دھرم ویر گاندھی نے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پنجاب کانگریس انچارج دیویندر یادو نے کہا کہ پتیالہ کے سابق رکن پارلیمنٹ دھرم ویر گاندھی کا کانگریس میں شامل ہونا پارٹی کے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔ آج کانگریس پارٹی کے نظریات سے متاثر ہو کر انھوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی، جو انتہائی خوش آئند ہے۔


پنجاب کاگنریس صدر امرندر سنگھ راجہ نے اس موقع پر کہا کہ وہ دھرم ویر گاندھی کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے کانگریس میں اپنی پارٹی کو ضم کرنے کا فیصلہ لیا۔ آج ملک میں جس طرح کی سیاست چل رہی ہے، اس دور میں انھوں نے کانگریس پارٹی کا پرچم اٹھا کر چلنے کا ارادہ کیا، وہ قابل قدر ہے۔ پنجاب اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر پرتاپ سنگھ باجوا کا اس تعلق سے کہنا ہے کہ ’’دھرم ویر گاندھی کا کانگریس میں آنا ہمارے لیے مثبت اشارہ ہے۔ ان کے ساتھ بہت سارے ساتھی بھی آئے ہیں، یہ بھارت جوڑو نیائے یاترا کا اثر ہے۔ میں سبھی کا استقبال کرتا ہوں۔ کناگریس کو اس سے مضبوطی ملے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔