کانگریس نے امت شاہ اور ہیمنت بسوا سرما کے خلاف انتخابی کمیشن میں کی شکایت

انتخابی کمیشن سے ملاقات کے بعد جئے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس کی پہلی شکایت وزیر داخلہ امت شاہ اور دوسری شکایت آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے ذریعہ چھتیس گڑھ میں دیے گئے بیانات پر مبنی ہے۔

الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی
الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے متنازعہ بیانات کو لے کر بدھ کے روز انتخابی کمیشن سے شکایت کی۔ کانگریس نے انتخابی کمیشن کو پیش کردہ عرضداشت میں کہا ہے کہ بی جے پی لیڈران کے ذریعہ چھتیس گڑھ میں انتخابی جلسہ کے دوران سماج کے کچھ طبقات کو ایک دوسرے کے خلاف مشتعل کرنے کی نیت سے کچھ بیانات دیے گئے ہیں جو کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

کانگریس کے محکمہ مواصلات کے انچارج جئے رام رمیش، سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اور سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید، تلنگانہ کانگریس انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، تلنگانہ کانگریس صدر ریونت ریڈی، چیف الیکٹورل کمیٹی کے رکن اتم کمار ریڈی اور تلنگانہ میں کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر ملو بھٹی وکرمارک وغیرہ لیڈران پر مشتمل کانگریس کے نمائندہ وفد نے انتخابی کمیشن سے مجموعی طور پر 8 نکات کو لے کر شکایت کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔


انتخابی کمیشن سے ملاقات کے بعد جئے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس کی پہلی شکایت وزیر داخلہ امت شاہ اور دوسری شکایت آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے ذریعہ چھتیس گڑھ میں دیے گئے بیانات پر مبنی ہے۔ انھوں نے اشتعال انگیز اور تخریب کاری والے بیانات دیے تھے جو قطعی مناسب نہیں۔ تیسری شکایت افسران کو ’رتھ انچارج‘ بنانے اور فوج کی سیاست کاری اور چوتھی شکایت مدھیہ پردیش کے وزیر گووند سنگھ راجپوت کے خلاف ہے جنھوں نے بوتھ انچارج کو رشوت دینے کی پیشکش کی تھی۔ علاوہ ازیں چار شکایتیں تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت کے ذریعہ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملوں پر مشتمل ہے۔

دراصل کانگریس نے تلنگانہ میں سرکاری مشینری کے غلط استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس افسران کے غیر قانونی تبادلوں اور پوسٹنگ کے خلاف شکایت کی ہے۔ کانگریس لیڈران نے بی آر ایس سے منسلک لیڈروں کے ذریعہ وزیر اعلیٰ رہائش اور دیگر سرکاری عمارتوں کا استعمال سیاسی سرگرمیوں کے لیے کیے جانے کی شکایت بھی کی ہے۔


کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے بھی انتخابی کمیشن سے کی گئی شکایت پر اپنا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کا دھیان بھٹکانے کے لیے تخریب کاری والے ایشوز اٹھانے کو لے کر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے خلاف شکایتیں انتخابی کمیشن کے سامنے رکھی گئی ہیں۔ کانگریس امید کرتی ہے کہ انتخابی کمیشن ان شکایتوں کو فوری طور پر نوٹس میں لے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔