کانگریس نے مدھیہ پردیش میں نظامِ صحت کے بدتر حالات پر تشویش کا کیا اظہار، دیکھیں ویڈیو
ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ چھندواڑہ میں جہاں 24 سے زیادہ بچوں کی موت زہریلا کف سیرپ پینے سے ہو گئی، وہیں ستنا میں 6 بیمار بچوں کو اسپتال نے ایچ آئی وی پازیٹو خون چڑھا دیا۔
مدھیہ پردیش میں صحت کا نظام انتہائی خراب ہے۔ مریضوں کو نہ ہی اسپتالوں میں بہتر علاج مل پا رہا ہے، نہ ہی انھیں ڈاکٹروں سے اچھا سلوک دیکھنے کو مل رہا ہے۔ موجودہ حالات پر کانگریس نے انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزیر اعلیٰ موہن یادو کی قیادت کے ساتھ ساتھ مرکز کی مودی حکومت کو بھی ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’مدھیہ پردیش میں صحت کی خراب صورت حال نے بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔‘‘
کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ریاست کے بدتر نظامِ صحت پر مشتمل ایک ویڈیو جاری کی ہے۔ اس ویڈیو کے ابتدا میں بیڈ پر لیٹے ایک مریض کو ڈاکٹر کے تشدد کا سامنا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں گزشتہ کچھ دنوں میں پیش آئے ایسے واقعات کو بھی پیش کیا گیا ہے، جس نے نظامِ صحت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ ویڈیو میں بیک گراؤنڈ سے آواز دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ’’مدھیہ پردیش میں نظامِ صحت کی حالت دیکھیے، ستنا کے سرکاری اسپتال میں چوہوں کا قبضہ ہے۔ بچوں کے وارڈ میں چوہے دوڑ رہے ہیں۔ وہیں اندور کے ایم وائی اسپتال (مہاراجہ یشونت راؤ اسپتال) میں 2 نوزائیدہ بچوں کو چوہوں نے کتر کر مار ڈالا۔‘‘ مزید بتایا گیا ہے کہ ’’چھندواڑہ میں 24 سے زیادہ بچوں کی زہریلا کف سیرپ پینے سے موت ہو گئی۔ ستنا میں 6 بیمار بچوں کو اسپتال میں نے ایچ آئی وی پازیٹو خون چڑھا دیا۔‘‘
کانگریس کے ذریعہ جاری اس ویڈیو میں ایک چھوٹے بچے کو ’ڈرپ‘ لگا کر کھڑا دکھایا گیا ہے۔ ڈاکٹر اسے کھڑے ہو کر ہی پانی یا دوا چڑھا رہے ہیں۔ ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ ’’کہیں اسپتالوں میں بیڈ نہیں ہے، بچے کھڑے ہو کر ڈرپ لگوا رہے ہیں۔ یہ سارے واقعات بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت کی قلعی کھول رہی ہیں۔‘‘ کانگریس نے ویڈیو میں جو بھی معاملے دکھائے ہیں، وہ سبھی فکر انگیز ہیں۔ معاملہ چوہوں کے کترنے سے نوزائیدہ کی ہلاکت کا ہو، یا زہریلا کف سیرپ پینے سے بچوں کی ہلاکت کا، یا پھر بچوں کو ایچ آئی وی پازیٹو خون چڑھانے کا... یہ سب لاپروائی اور بدانتظامی کا ہی نتیجہ ہیں۔
مدھیہ پردیش میں نظامِ صحت کی ابتر حالت پر مزید ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے، جس میں ایک شخص اپنی بیمار بیوی کو ٹھیلے پر بٹھا کر اسپتال لے جانے کو مجبور ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے لکھا ہے ’’یہ ویڈیو بی جے پی حکومت میں نظامِ صحت کی بدحالی کی کہانی بیان کرتی ہے۔ مدھیہ پردیش کے ودیشا میں سریش سہریا اپنی بیوی کو ٹھیلے پر بٹھا کر اسپتال لے جانے کو مجبور ہیں۔‘‘ کانگریس نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت کے وزیر و لیڈران اخبارات میں ’سب چنگا سی‘ والا اشتہار دے کر موج سے اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔