کانگریس نے گرچرن سنگھ راجو کو پارٹی مخالف سرگرمیوں کے سبب 6 سال کے لیے پارٹی سے خارج کیا: ڈاکٹر نریندر ناتھ
ڈاکٹر نریندر ناتھ نے پریس کانفرنس میں سابق رکن اسمبلی و کمیونکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین انل بھاردواج اور ڈسپلنری کمیٹی کے اراکین کی موجودگی میں گرچرن سنگھ راجو کو پارٹی سے خارج کیے جانے کا اعلان کیا۔

نئی دہلی: دہلی حکومت کے سابق وزیر اور دہلی پردیش کانگریس ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر نریندر ناتھ نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پارٹی بالاتر ہے، پارٹی سے بڑا کوئی نہیں، پارٹی سے اوپر کوئی نہیں، ہم سبھی پارٹی کے سپاہی ہیں اور پارٹی کے اصول و ضوابط پر عمل کرنا ہمارا فرض ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی مخالف سرگرمیاں برداشت نہیں کی جا سکتیں، اور یہی ملک کی سب سے پرانی کانگریس پارٹی کی روایت رہی ہے۔
مذکورہ بالا باتیں کہنے کے بعد ڈاکٹر نریندر ناتھ نے کرشنا نگر ضلع کانگریس کمیٹی کے سربراہ گرچرن سنگھ راجو کو ضلع سربراہ سمیت پارٹی کے سبھی عہدوں سے 6 سالوں کے لیے خارج کیے جانے کی جانکاری دی۔ ڈاکٹر نریندر ناتھ نے سابق رکن اسمبلی و کمیونکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین انل بھاردواج اور ڈسپلنری کمیٹی کے اراکین کی موجودگی میں کہا کہ آج ڈسپلنری کمیٹی کی میٹنگ میں اتفاق رائے سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ کرشنا نگر ضلع کانگریس کمیٹی کے سربراہ گرچرن سنگھ راجو کو ضلع سربراہ سمیت پارٹی کے سبھی عہدوں سے 6 سالوں کے لیے خارج کیا جاتا ہے۔ یہ فیصلہ کمیٹی رکن شعیب دانش، وریام کور، ڈاکٹر اونیکا مہروترا اور اشونی دھون نے ڈاکٹر نریندر ناتھ کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں اتفاق رائے سے لیا گیا۔
ڈاکٹڑ نریندر ناتھ نے کہا کہ ریاستی کانگریس سطح کی ڈسپلنری کمیٹی میں اتفاق رائے سے لیے گئے فیصلہ کی خبر کانگریس کمیٹی کی ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین طارق انور اور کانگریس کمیٹی جنرل سکریٹری کو بھیج دی گئی ہے۔ اس تعلق سے انل بھاردواج نے کہا کہ کرشنا نگر ضلع کناگریس کمیٹی کے سربراہ گرچرن سنگھ راجو کے ذریعہ پارٹی مخالف سرگرمیوں میں شامل ہونے کے سبب ڈسپلنری کمیٹی نے معطل کرنے کا فیصلہ لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔