چنّی کے حق میں کانگریس کا فیصلہ، کیا کبھی ’بادشاہ‘ کو عوام کے بیچ میں جاتے دیکھا ہے، راہل نے کیا پی ایم مودی پر حملہ

وزیر اعلی کے چہرے کا اعلان کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ یہ میرا فیصلہ نہیں ہے، بلکہ پنجاب کا فیصلہ ہے۔ پنجاب کے عوام نے کہا ہے کہ وہ ایسا چہرہ چاہتے ہیں جو غریبوں کے مسائل کو سمجھے۔

تصویر توئٹر @INCIndia
تصویر توئٹر @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

کانگریس نے پنجاب میں تمام سیاسی قیاس آرائیوں پر فل اسٹاپ لگاتے ہوئے اعلان کر دیا کہ چرنجیت سنگھ چنی کانگریس کے وزیر اعلی کے امیدوار ہوں گے۔ پنجاب انتخابات کی سیاسی سرگرمی کے درمیان کانگریس کے لیے آج کا دن انتہائی اہم تھا۔ پنجاب میں وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے الٹی گنتی ختم ہوگئی ہے۔ راہل گاندھی، جو پنجاب میں کانگریس کی دوبارہ اقتدار میں واپسی کے لیے انتخابی مہم میں مصروف ہیں، نے واضح کر دیا ہے کہ ریاست میں پارٹی کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا چہرہ پنجاب کے موجودہ وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنّی ہوں گے۔

وزیر اعلی کے چہرے کا اعلان کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ یہ میرا فیصلہ نہیں ہے، بلکہ پنجاب کا فیصلہ ہے۔ پنجاب کے عوام نے کہا ہے کہ وہ ایسا چہرہ چاہتے ہیں جو غریبوں کے مسائل کو سمجھے۔ وزیر اعلی کے عہدے کے اعلان کے وقت لدھیانہ کی ورچوئل ریلی میں راہل گاندھی کے ساتھ نوجوت سنگھ سدھو، چرنجیت سنگھ چنّی اور سنیل جاکھڑ موجود تھے۔


راہل گاندھی نے کہا کہ جب چنی جی وزیر اعلیٰ بنے تو ان میں کوئی انا نظر نہیں آئی اور وہ عوام کے بیچ میں گئے۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم پر حملہ بولتے ہوئے سوال کیا کہ کیا لوگوں نے کبھی نریندر مودی کو عوام کے درمیان جاتے ہوئے دیکھا ہے، سڑک پر کسی کی مدد کرتے دیکھا ہے؟ وہ نہیں کریں گے کیونکہ وہ بادشاہ ہیں وہ وزیراعظم نہیں۔ وزیراعلیٰ کے عہدے کے اعلان کے بعد چرنجیت سنگھ چنی نے کہا کہ وہ پنجاب کے لوگوں کے لیے ہر ممکن کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف ذریعہ ہوں گے، نوجوت سنگھ سدھو پنجاب کے لیے جو کچھ کرنا چاہتے ہیں وہ کر سکتے ہیں جو سنیل جاکھڑ جی کرنا چاہتے ہیں وہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہم مل کر پنجاب کو آگے لے کر جائیں گے۔‘‘

وزیراعلیٰ کے عہدے کے چہرے کے اعلان سے قبل نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ لڑائی پیاروں سے نہیں، اجنبیوں سے ہوتی ہے۔ اپنے منفرد انداز میں سدھو نے چنی سے کہا، چنّی صاحب ’ٹھوکو تالی۔‘ یہ سن کر چنّی اٹھے اور سدھو کو گلے لگا لیا۔ سدھو نے کہا کہ آخرکار یہ سسپنس ختم ہو گیا۔ اس ورچوئل ریلی کے دوران چرنجیت سنگھ چنی اور سدھو نے ایک دوسرے کو گلے لگایا۔ سدھو نے شعر پڑھتے ہوئے کہا کہ کچھ راہل گاندھی کی طرح ہیں جو ایک دلت، غریب کو وزیر اعلیٰ بناتے ہیں۔ بی جے پی مجھ سے انتخابی مہم چلواتی تھی، لیکن چار سال کے اندر راہل گاندھی نے مجھے کانگریس کا ریاستی صدر بنا دیا۔ مجھے کچھ نہیں چاہیے، میں کانگریس اور پنجاب کی فلاح چاہتا ہوں۔


وزیر اعلیٰ کو لے کر سیاسی گلیاروں میں کانگریس پر چاروں طرف سے حملہ ہو رہے تھے اس کشمکش کو ختم کرنے کے لیے کانگریس نے رائے لینے کا راستہ اپنایا اور ووٹرز سے پوچھ کر فیصلہ کیا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کا چہرہ کون ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔