دہلی کے میئر اور ڈپٹی میئر انتخاب میں کانگریس کونسلر عآپ امیدواروں کو دیں گے حمایت: اروندر لولی

انل بھاردواج نے کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن میں چنڈی گڑھ میئر میونسپل الیکشن کی طرح جمہوریت شرمسار نہ ہو، اس کے لیے کانگریس مفاد عامہ میں عآپ کے میئر و ڈپٹی میئر امیدواروں کی حمایت کرے گی۔

<div class="paragraphs"><p>پریس کانفرنس کرتے ہوئے دہلی کانگریس لیڈران</p></div>

پریس کانفرنس کرتے ہوئے دہلی کانگریس لیڈران

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نے فیصلہ کیا ہے کہ کانگریس کونسلر دہلی کے میئر اور ڈپٹی میئر انتخاب میں عآپ امیدواروں کو حمایت دیں گے۔ اس سلسلے میں آج دہلی کانگریس کمیٹی دفتر میں منعقد پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کمیونکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین اور سابق رکن اسمبلی انل بھاردواج نے جانکاری دی۔ انھوں نے بتایا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن میں آئندہ 26 اپریل کو میئر و ڈپٹی میئر کے انتخاب میں کانگریس کونسلر عآپ میئر امیدوار مہیش کھنچی اور ڈپٹی میئر امیدوار رویندر بھاردواج کی حمایت کریں گے۔

انل بھاردواج نے کہا کہ دہلی میونسپل کارپوریشن میں چنڈی گڑھ میئر الیکشن کی طرح جمہوریت شرمسار نہ ہو، اس کے لیے کانگریس پارٹی نے مفاد عامہ میں عآپ کے میئر و ڈپٹی میئر امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اتحاد کا مظاہرہ کرنے کے لیے اعلیٰ قیادت کے حکم کی ہمارے کونسلر ایوان میں تعمیل کریں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ راجدھانی دہلی کا 90 فیصد علاقہ دہلی میونسپل کارپوریشن کے تحت آتا ہے جس کے صفائی نظام و رکھ رکھاؤ کی ذمہ داری کارپوریشن میں منتخب حکومت کی ہوتی ہے۔ ایسے میں اپوزیشن کا کردار نبھاتے ہوئے ہم خاموش تماشائی بن کر نہیں رہیں گے۔


اس موقع پر دہلی میونسپل کارپوریشن انچارج جتیندر کمار کوچر نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں سے کارپوریشن میں برسراقتدار پارٹی کو بی جے پی نے مشکل میں ڈالتے ہوئے اسٹینڈنگ کمیٹی اور زون کمیٹی کی تشکیل نہیں ہونے دی ہے، جس کا نقصان دہلی کی عوام کو ہو رہا ہے۔ دہلی کی 2.5 کروڑ عوام کی صحت، صفائی اور رکھ رکھاؤ کے لیے دہلی میونسپل کارپوریشن ذمہ دار ہے۔ دہلی کی عوام کے مفاد میں کانگریس پارٹی کارپوریشن ایوان میں عآپ کے میئر و ڈپٹی میئر امیدوار کے انتخاب میں پوری حمایت کرے گی۔ حالانکہ اگر ہمیں لگے گا کہ دہلی کی عوام کے لیے کچھ بھی غلط ہو رہا ہے تو عآپ کے خلاف کانگریس آواز اٹھانے سے پیچھے نہیں رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔