کانگریس نے میٹرو کے کرایہ میں اضافہ کو بتایا عوام مخالف، دہلی کی ٹرپل انجن حکومت کو بنایا ہدف تنقید

دیویندر یادو نے کہا کہ میٹرو، جو پہلے ہی بھاری منافع کما رہی ہے، کرایہ میں اضافہ کر کے ان غریب لوگوں پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے جو ڈی ٹی سی بسوں کی کمی کے باعث مجبوری میں مہنگا میٹرو سفر کرتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا، بشکریہ دہلی میٹرو</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی میں میٹرو کا کرایہ 25 اگست سے بڑھ گیا ہے۔ کانگریس نے اس اضافہ شدہ کرایہ کے خلاف آواز بلند کی ہے اور اسے عوام مخالف قدم قرار دیا ہے۔ دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے اس معاملے میں اپنا سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ عوام مخالف فیصلے ترجیحی بنیادوں پر لیتی ہے اور دہلی میٹرو کے کرایہ میں حالیہ اضافہ اس کا زندہ ثبوت ہے۔ دہلی میٹرو کے کرایے میں 1 سے 4 روپے تک اور ایئرپورٹ لائن پر سیدھے 5 روپے کا اضافہ کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔

دیویندر یادو نے کہا کہ میٹرو، جو پہلے ہی بھاری منافع کما رہی ہے، کرایہ میں اضافہ کر کے ان غریب لوگوں پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے جو ڈی ٹی سی بسوں کی کمی کے باعث مجبوری میں مہنگا میٹرو سفر کرتے ہیں۔ دہلی کانگریس صدر نے مطالبہ کیا ہے کہ میٹرو کرایے میں کیے گئے اس اضافہ کو فوراً واپس لیا جائے، کیونکہ دہلی میں بی جے پی کی ’ٹرپل انجن‘ حکومت کا یہ قدم عوام دشمن اور غریب مخالف ہے۔


دیویندر یادو نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی دہلی حکومت کے دور میں کبھی میٹرو کرایے میں اضافہ نہیں کیا گیا، جبکہ عام آدمی پارٹی کی حکومت نے 2017 میں، اور اب بی جے پی حکومت نے 25 اگست 2025 سے کرایے میں اضافہ کر کے دہلی کی عوام پر براہ راست حملہ کیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ 2024-25 میں میٹرو نے 10.3 فیصد اضافہ کے ساتھ 643 کروڑ روپے کا منافع کمایا۔ کووڈ کے بعد مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے آمدنی میں 83.87 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ 23-2022 میں میٹرو کا خالص منافع 59.87 کروڑ روپے رہا۔ ایسے میں دیویندر یادو نے سوال اٹھایا کہ ’’جب میٹرو منافع کما رہی ہے، مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور آپریٹنگ میں بھی ترقی ہو رہی ہے، تو پھر حکومت نے کرایہ بڑھانے کی اجازت کیوں دی؟‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’5-2 کلومیٹر کی مسافت پر 1 روپے کا اضافہ، 12-5 کلومیٹر پر 2 روپے، 21-12 کلومیٹر پر 3 روپے، 33-21 کلومیٹر اور اس سے زائد فاصلہ طے کرنے پر 4 روپے کا اضافہ کیا گیا، اور ایئرپورٹ لائن پر سیدھا 5 روپے کرایہ بڑھا دیا گیا ہے۔ اس سے روزانہ سفر کرنے والے افراد پر مالی بوجھ بڑھے گا، کیونکہ کرایے کو 4 سلیب میں بانٹ کر الگ الگ فاصلوں پر کرایہ بڑھایا گیا ہے۔‘‘


دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ ’’جہاں دہلی میں ڈی ٹی سی بسوں کی تعداد بڑھانے میں بی جے پی حکومت مکمل طور پر بےحس نظر آتی ہے، وہیں سڑکوں پر آبادی کے تناسب سے بسیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ڈی ٹی سی بسوں کی کمی کی وجہ سے غریب، مزدور اور روز کمانے کھانے والے لوگ بھی مجبوری میں میٹرو کے لیے مہنگا کرایہ دے کر سفر کرتے ہیں۔ دہلی کی لائف لائن میٹرو کا مہنگا سفر غریب، نچلے اور متوسط طبقے پر کمر توڑ معاشی بوجھ ڈالے گا، جو پہلے ہی مہنگائی کی مار جھیل رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔