’کچھ ہی وقت میں کانگریس کے ببر شیر آسام کے وزیر اعلیٰ کو جیل پہنچائیں گے‘، جلسۂ عام سے راہل گاندھی کا خطاب

راہل گاندھی نے عوام سے کہا کہ آج جو آسام میں ہو رہا ہے، وہی پورے ملک میں ہو رہا ہے۔ یہاں کے وزیر اعلیٰ خود کو راجہ سمجھتے ہیں، وہ اڈانی-امبانی کو آپ کی دولت، آپ کی زمین دینے میں مصروف ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

راہل گاندھی، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

’’آسام کے وزیر اعلیٰ ہندوستان کا سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ ہے... اور کچھ ہی وقت میں کانگریس کے ببر شیر اسے جیل پہنچائیں گے۔ اس کا خوف اس کی آنکھوں میں صاف نظر آ رہا ہے، کیونکہ اسے اب نہ مودی بچا پائیں گے اور نہ ہی شاہ۔‘‘ یہ بیان راہل گاندھی نے آج آسام کے چیگاؤں میں ایک جلسۂ عام سے کطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کو نہ صرف ہدف تنقید بنایا بلکہ ان کے ساتھ ساتھ ان کے کنبہ پر بھی بدعنوانی کا الزام عائد کیا۔

راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’آج جو کچھ آسام میں ہو رہا ہے، وہی پورے ملک میں ہو رہا ہے۔ یہاں کے وزیر اعلیٰ خود کو راجہ سمجھتے ہیں۔ وہ اڈانی-امبانی کو آپ کی دولت، آپ کی زمین دینے میں مصروف ہیں۔ لیکن جب آپ ان کی آواز سنیں گے، ان کی آنکھوں میں دیکھیں گے تو آپ کو اُس کے پیچھے خوف نظر آئے گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’وہ (ہیمنت بسوا سرما) بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں، چیختے ہیں، لیکن ان کے دل میں خوف ہے۔ ایسا اس لیے، کیونکہ وہ جانتے ہیں ایک دن کانگریس کے ببر شیر انھیں جیل میں ڈال دیں گے۔ انھیں اپنی سبھی بدعنوانی کا حساب آسام کی عوام کو دینا ہوگا۔‘‘


راہل گاندھی نے کہا کہ ہیمنت بسوا سرما کے جیل جانے سے متعلق جو بیان وہ دے رہے ہیں، وہ بلاوجہ نہیں ہے، ایسا ہوگا اور لوگ دیکھیں گے۔ میڈیا والے بھی انھیں جیل جاتے ہوئے دکھائیں گے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ’’میں جو بولتا ہوں، وہ ہوتا ہے۔ میں نے کووڈ، نوٹ بندی، غلط جی ایس ٹی کے وقت جو بولا اُس کا نتیجہ سب کو نظر آیا۔ میں آج بول رہا ہوں کہ کچھ ہی وقت میں میڈیا والے آپ کے وزیر اعلیٰ کو جیل جاتا ہوا دکھائیں گے اور انھیں نریندر مودی، امت شاہ بھی نہیں بچا پائیں گے۔‘‘ وہ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہتے ہیں ’’یہ کام کانگریس پارٹی نہیں کرے گی۔ یہ کام آسام کے نوجوان، کسان، مزدور اور ہر طبقہ کے لوگ کر کے دکھائیں گے، کیونکہ انھیں پتہ ہے کہ یہ شخص بدعنوان ہے۔ یہ شخص 24 گھنٹے آسام کی زمین چوری کرتا ہے، کہیں سولر پارک کے نام پر، کہیں ریسورٹ کے بہانے... اور یہ بات آسام کا بچہ بچہ جانتا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔