بہار میں ’خصوصی گہری نظر ثانی‘ کے نام پر دھوکہ دہی عیاں، فکرمند کانگریس حملہ آور

کانگریس نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بہار میں ووٹروں کی جانچ میں خوب دھاندلی ہو رہی ہے۔ ایک بی ایل او نے بتایا کہ فرضی طریقے سے فارم بھروانے کے لیے دباؤ بنایا جا رہا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ووٹر لسٹ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

ووٹر لسٹ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

بہار میں اسمبلی انتخاب سے قبل ووٹرس کی ’خصوصی گہری نظرثانی‘ یعنی ’ایس آئی آر‘ کا عمل تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک تقریباً 85 فیصد فارم جمع کیے گئے ہیں، یعنی سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔ لیکن بہار میں کچھ مقامات سے ایسی خبریں سامنے آئی ہیں جو ظاہر کر رہا ہے کہ ’سب کچھ ٹھیک نہیں ہے‘۔ بہار کے دربھنگہ میں ایک اسکول احاطہ کی ویڈیو سامنے آئی ہے جہاں بی جے پی مہیلا ضلع صدر بی ایل او کے ساتھ بیٹھ کر ووٹرس کی جانچ کر رہی ہیں، اور سوال پوچھے جانے پر وہ ناراض بھی ہو رہی ہیں۔

بیگوسرائے سے بھی ایک خبر سامنے آئی ہے جہاں وجاہت علی فاروقی نامی ایک بی ایل او پر فرضی طریقے سے فارم بھروانے کا دباؤ بنایا گیا ہے۔ 2 روز قبل ہی وجاہت علی کو کام میں لاپروائی کے الزام میں معطل کر دیا گیا تھا، لیکن اب انھوں نے ایک آڈیو کلپ جاری کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ کانگریس نے دربھنگہ اور بیگوسرائے کے واقعہ پر اپنی فکر ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن پر بھی حملہ کیا ہے۔


دربھنگہ میں ہوئی مبینہ دھاندلی پر کانگریس نے ایک ویڈیو پوسٹ جاری کیا ہے جس کے ساتھ لکھا ہے کہ ’’بہار کے باشندوں محتاط! ووٹر لسٹ جانچ کرنے کے بہانے سرعام دھاندلی ہو رہی ہے۔‘‘ اس ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ ’’بہار کی عوام سے ووٹ کا حق چرانے کی سازش۔ یہ ویڈیو دیکھیے۔ بہار کے دربھنگہ میں بی جے پی مہیلا ضلع صدر بی ایل او کے ساتھ بیٹھ کر ووٹروں کی جانچ کر رہی ہے۔ اپنے ووٹروں کو لسٹ میں جگہ دی جا رہی ہے، اور جو بی جے پی کے خلاف ہیں انھیں لسٹ سے نکالا جا رہا ہے۔‘‘ ویڈیو میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’’یہ ہے الیکشن کمیشن کا اسپیشل انٹینسیو ریویزن جہاں بی جے پی لیڈر خود ہی ووٹروں کی چھنٹائی کر رہے ہیں، یعنی الیکشن کمیشن کی معتبریت کی بات تو چھوڑیے، بی جے پی خود الیکشن کمیشن بن بیٹھی ہے، اور پھر یہ کہتے ہیں کہ ہم غیر جانبدارانہ انتخاب کروائیں گے۔ دیکھ لیجیے بی جے پی اور الیکشن کمیشن ایسے کراتی ہے غیر جانبدارانہ انتخاب۔‘‘

کانگریس نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ہندی نیوز چینل ’آج تک‘ کی وہ ویڈیو رپورٹ بھی شیئر کی ہے جس میں بیگوسرائے کے نورپور میں دھاندلی کی ہو رہی کوششوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ کانگریس نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’بہار میں ووٹرس کی جانچ میں خوب دھاندلی ہو رہی ہے۔ ایک بی ایل او نے بتایا ہے کہ فرضی طریقے سے فارم بھروانے کے لیے دباؤ بنایا جا رہا ہے۔‘‘ اس میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’اسی طرح بڑی تعداد میں ووٹر لسٹ سے لوگوں کے نام ہٹانے کی سازش کی جا رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی کانگریس نے ’آج تک‘ کی ویڈیو رپورٹ دیکھنے کی گزارش بھی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔