کانگریس کی ’مہنگائی ہٹاؤ ریلی‘ 12 دسمبر کو

کانگریس جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے جمعہ کو کہا کہ مہنگائی سے ملک کے عوام پریشان ہیں، مودی حکومت نے جان بوجھ کر اس حد تک مہنگائی کو بڑھنے دیا ہے۔

کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال
کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے ملک کے عام لوگ سخت پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں اور عام آدمی کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔ لہٰذا پارٹی 12 دسمبر کو حکومت کی توجہ بڑھتی مہنگائی کی طرف مبذول کروانے کے لیے ’مہنگائی ہٹاؤ ریلی‘ کا انعقاد کرے گی۔

کانگریس جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے جمعہ کو یہاں کہا کہ مہنگائی سے ملک کے عوام پریشان ہیں۔ مودی حکومت نے جان بوجھ کر اس حد تک مہنگائی کو بڑھنے دیا ہے۔ انہوں نے اس مہنگائی کو مودی کی پیدا کردہ مہنگائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی اس کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے اور اگلے ماہ 12 دسمبر کو ملک گیر ریلی نکالے گی۔


کے سی وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پورے ملک کی توجہ مہنگائی کی طرف مبذول کرانے کے لیے دہلی میں ایک زبردست ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ محترمہ گاندھی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ پارٹی کے سینئر رہنما بھی ریلی سے خطاب کریں گے۔ ریلی کے ذریعے حکومت کو متنبہ کیا جائے گا کہ وہ لوٹ مار بند کرے اور غیر متوقع طور پر بڑھائی گئی قیمتوں کو واپس لے۔ پارٹی اس وقت تک جدوجہد جاری رکھے گی جب تک مودی حکومت ان کی بات نہیں مانتی۔

وینوگوپال نے کہا کہ مہنگائی ملک کے لوگوں کو سب سے زیادہ متاثر کر رہی ہے اور اس وقت اس کا اصل مسئلہ پٹرول-ڈیزل اور ایل پی جی کی آسمان چھوتی قیمتیں ہیں۔ جن کی وجہ سے تمام اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ خوردنی تیل، دال اور اشیائے خورد و نوش کی ناقابل برداشت مہنگائی سے ہر خاندان متاثر ہے۔ شاید یہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے زیادہ ہے۔


کانگریس لیڈر نے کہا کہ سیمنٹ، لوہے اور اسٹیل جیسے ضروری تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں تقریباً 40 سے 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ہر چیز آہستہ آہستہ عام لوگوں کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔ مہنگائی کی اس شرح کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ مودی حکومت عوام کے تکالیف سے بے خبر ہے اور اگر ایسا نہیں ہے تو وہ جان بوجھ کر عوام کا مذاق اڑا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کی کال پر اس مسئلہ پر اپنا احتجاج ظاہر کر رہی ہے اور ملک بھر میں عوام کی اس تکلیف کو آواز دے رہی ہے۔ ان کی پارٹی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مہنگائی کا مسئلہ مسلسل اٹھا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔