کانگریس کا مودی کے خلاف تحریک مراعات شکنی لانے کا اعلان

سنیل جاکھڑ نے کہا کہ یہ تحریک اس لئے لائی جائے گی کیونکہ مودی نے گزشتہ روز دھرم شالا ریلی میں سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کے خلاف کسانوں کے قرض معافی کے سلسلے میں جھوٹ بولا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

امرتسر: پنجاب کانگریس کے صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل جاکھڑ نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک مراعات شکنی لائے گی۔

جاکھڑ نے نامہ نگاروں سے کہا کہ یہ تجویز اس لئے لائی جائے گی کیونکہ مودی نے گزشتہ روز دھرم شالا ریلی میں سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کے خلاف کسانوں کے قرض معافی کے سلسلے میں جھوٹ بولا تھا۔ ایسا کرکے انہوں نے لوگوں کو گمراہ کیا۔

جاکھڑ نے کہا کہ سابق من موہن حکومت نے کسانوں کا 72 ہزار کروڑ روپےکا قرض معاف کیا تھا۔ڈاکٹر من موہن سنگھ بین الاقوامی سطح کے لیڈر ہیں۔ ان کی اقتصادی پالیسیوں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جاتا ہے۔ اس کے برعکس بی جےپی نے گزشتہ لوک سبھا الیکشن سےپہلے کسانوں سے جو وعدے کئے وہ ابھی تک پورے نہیں ہوئے۔

کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ بی جےپی حکومت نے سوامی ناتھن کمیشن کی رپورٹ کو نافذ کرنے کا وعدہ کیاتھا لیکن نہ تو اسے نافذ کیا اور نہ ہی کسانوں کو ان کی فصلوں کی صحیح قیمت دلوائی۔آلو سڑکوں پر بکھرے پڑے ہیں اور کسان پریشان ہیں۔

انہوں نے مودی حکومت کو جملے بازی کی حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے کھاتوں میں اب تک 15لاکھ روپے نہیں آئے۔یہ حکومت عام لوگوں کی نہ ہوکر خاص لوگوں کی حکومت ثابت ہوئی ہے کیونکہ خاص لوگوں کے ہی کروڑوں روپے کے قرض معاف کئےگئے۔غریب کے قرض تو معاف نہیں ہوسکے۔یہ حکومت کسان مخالف اور اقلیتی مخالف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر من موہن سنگھ ملک کے لیڈر ہیں کسی پارٹی کے نہیں ۔ان پر بنی فلم دی ایکسیڈینٹل پرائم منسٹر سے ان کے وقار کو دھکا لگا ہے اور کانگریس اسے چلنے نہیں دے گی۔یہ بی جےپی اور آر ایس ایس کی سازش ہے۔وہ مطالبہ کرتے ہیں کہ فلم کی فنڈنگ کے سلسلے میں جانچ ہو۔الیکشن کے وقت ایسی فلمیں بنائے جانے کے پیچھے کی سازش صاف ہے لیکن کوئی کتنی کوشش کرلے ڈاکٹر سنگھ کی شبیہ کو خراب کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔ان کے مطابق مودی کو لے کر پھینکوفلم بنائی جائےگی۔

جاکھڑ نے سابق وزیراعلی پرکاش سنگھ بادل سے وضاحت طلب کی ہے کہ وہ اقلیتی طبقے کے ساتھ ہیں یا اقلیتی مخالف مودی حکومت کے ساتھ ۔بادل صاحب نے دربار صاحب میں جو خدمت کی وہ اپنے بیٹےکی کارگزاریوں کی وجہ سے کی۔بادل صاحب قابل احترام ہیں لیکن بیٹے کی کارستانیوں کی وجہ سے ان کی عزت کو دھکا لگا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔