مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کے ذریعہ فوج کو ’مودی کے قدموں میں سجدہ ریز‘ بتانے پر کانگریس برہم، برخاستگی کا مطالبہ
کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا اور کرنل صوفیہ قریشی پر نازیبا تبصرہ کرنے والے وزیر وجئے شاہ کو فوری طور پر برخاست کیا جائے۔

سپریا شرینیت / ویڈیو گریب
نئی دہلی: کانگریس نے مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا کے اس بیان پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے، جس میں انھوں نے ہندوستانی فوج کو وزیر اعظم نریندر مودی کے قدموں میں سجدہ ریز بتایا تھا۔ کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے اس تعلق سے آج ایک پریس کانفرنس کی اور نائب وزیر اعلیٰ کو ان کے عہدہ سے فوراً برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی سپریا شرینیت نے مدھیہ پردیش حکومت میں وزیر وجئے شاہ کے ذریعہ کرنل صوفیہ قریشی پر کیے گئے شرمناک تبصرہ کی بھی مذمت کی اور انھیں بھی فوری برخاست کرنے کا مطالبہ سامنے رکھا۔
سپریا شرینیت نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی لگاتار فوج کی توہین کر رہی ہے، کیونکہ اس کی رگوں میں قربانی کا نہیں، مخبری کا خون ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی فوج نے ہر بار دشمن کو دھول چٹائی ہے۔ جس فوج کی بہادری اور قوت کے آگے پورا ملک سجدہ ریز ہے، اس فوج کے لیے یہ کہنا کہ وہ کسی کے قدموں میں سجدہ ریز ہے، انتہائی نازیبا اور ناقابل برداشت ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ ملک ہندوستانی فوج کی توہین برداشت نہیں کرے گا۔ فوج کے لیے ایسی ذیلی سطح کی سوچ رکھنے والا شخص کسی بھی عوامی عہدہ پر بنے رہنے کے لائق نہیں ہے۔
سپریا شرینیت نے جگدیش دیوڑا اور وجئے شاہ دونوں کو ہی ہندوستانی فوج کی توہین کرنے والا لیڈر قرار دیا اور وزیر اعظم مودی سے مطالبہ کیا کہ دونوں کو ہی فوراً برخاست کیا جائے۔ کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو مانا جائے گا کہ فوج کے سجدہ ریز ہونے کی بات نریندر مودی کہہ رہے ہیں، یعنی مدھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر (وجئے شاہ) کو وزیر اعظم کا تحفظ حاصل ہے۔
سپریا شرینیت نے کہا کہ پوری بی جے پی، مرکزی کی مودی حکومت اور مدھیہ پردیش کی حکومت جس طرح پہلے وجئے شاہ کو بچانے میں مصروف تھی، اب وہ جگدیش دیوڑا کو بچانے میں لگ جائیں گی۔ کانگریس لیڈر نے یاد دلایا کہ مودی حکومت نے گلوان میں شہید ہوئے 20 ہندوستانی فوجی کی موت کا بدلہ لینے کی بات تو دور، چین کو کلین چٹ دے دی تھی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ کوئی دراندازی نہیں ہوئی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے چین سے درآمدات اتنا بڑھا دیا ہے کہ ہندوستان کا تجارتی خسارہ 100 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
کانگریس ترجمان نے وجئے شاہ کے ذریعہ کرنل صوفیہ قریشی پر دیے گئے نازیبا بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ سن کر پورا ملک حیران رہ گیا۔ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی تھی، لیکن ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت دونوں ہی وجئے شاہ کو بچانے میں مصروف رہیں۔ ہائی کورٹ نے جمعرات کو سماعت کے دوران کہا کہ جس طرح کی ایف آئی آر درج ہوئی ہے، وہ صرف اور صرف دکھاوا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’عدالت نے تبصرہ کیا کہ ایف آئی آر کا مسودہ ہی ایسا بنایا گیا ہے کہ اسے رد کیا جا سکے؛ اس میں ایسا کچھ نہیں ہے جو جرم کرنا ظاہر کر سکے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ بی جے پی نے آزادی کی تحریک میں کوئی کردار نہیں نبھایا تھا اور بی جے پی لیڈران وزیر اعظم نریندر مودی سے سیکھ رہے ہیں، جنھوں نے کاروباری کو فوجی سے زیادہ باہمت بتایا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔