دشمن کی قید میں ملک کا ویر سپوت، مودی کھیل رہے ’میرا بوتھ سب سے مضبوط‘

بی جے پی کارکنان کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرنے پر وزیر اعظم مودی کو کانگریس نے ہدف تنقید بنایا ہے، کانگریس نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ فوج سرحد پر ڈٹی ہے اور’پردھان سیوک‘ بوتھ سنبھال رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی کارکنان کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مودی کے خطاب کرنے پر کانگریس نے زبردست نشانہ لگایا ہے۔ کانگریس رہنما پون کھیڑا نے طنز کرتے ہوئے کہا، ’’دشمن ملک میں ملک کا ایک بہادر سپوت قید ہے لیکن وزیر اعظم میرا بوتھ سب سے مضبوط کھیل رہے ہیں۔ مودی جی ہوش میں آؤ، مودی جی سیاست مت چمکاؤ۔‘‘

غورطلب ہے کہ پاکستان میں ہندوستان کی ایئر اسٹرائیک کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ برقرار ہے۔ سرحد پر کشیدگی کے پیش نظر حزب اختلاف کی جماعتیں اپنی سیاسی تقریبات منسوخ کر چکی ہیں۔ بدھ کے روز حزب اختلاف کی 21 جماعتوں نے مشترکہ بیان جاری کر کے کہا تھا کہ تمام جماعتیں اس مشکل وقت میں ملک اور فوجی جوانوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ وہیں دوسری طرف حزب اقتدار جماعت اب الیکشن موڈ میں ہے اور لگاتار انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

کانگریس کے رہنما رندیپ سرجے والا نے ٹوئٹر میں کہا، ’’افواج سرحد سنبھال رہی ہیں اور پردھان سیوک (مودی) بوتھ سنبھال رہے ہیں، یہ ہیں برسراقتدار کے سپاہی۔‘‘

اس سے پہلے بھی رندیپ سرجے والا نے ٹوئٹ کر کے وزیر اعظم مودی پر حملہ بولا تھا۔ انہوں نے کہا تھا، ’’ملک جانباز، ونگ کمانڈر ابھینندن کی بلا تاخیر بحفاظت واپسی کو بے تاب ہے، جبکہ پردھان سیوک اقتدار میں واپسی کے لئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے جمعرات کو ہونے والی اہم سی ڈبلیو سی کی میٹنگ اور ریلی کو منسوخ کر دیا لیکن مودی جی ویڈیو کانفرنسنگ کا ریکارڈ بنانے کو بے چین ہیں۔

وزیر اعظم مودی کی اس انتخابی تقریب کو لے کر بی ایس پی اور ایس پی سمیت کئی حزب اختلاف کی جماعتوں نے نہ صرف سوال کھڑے کیے ہیں بلکہ نشانہ بھی لگایا ہے۔

مایاوتی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت جب جنگی بحران کے بادل چھائے ہیں اور ملک کو قیادت کی سخت ضرورت ہے، تو وزیراعظم مودی ملکی کی سلامتی پر توجہ دینے کے بجائے اپنی پارٹی کی فکر کرتے ہوئے بی جے پی کارکنوں سے خطاب کر رہے ہیں جو کہ انتہائی مضحکہ خیز ہی نہیں بلکہ ملک کے جذبات کے ساتھ مذاق ہے۔

بی ایس پی صدر نے کہا کہ پاکستان کا فضائی حملہ فوج نے کل ناکام بنا دیا جوبڑی راحت کی بات ہے۔ لیکن ملک کی فضائیہ کا ایک جانباز افسر پاکستان کے قبضہ میں ہے، یہ باعث تشویش ہے۔ انھوں نے کہا، اس پائلٹ کی بحفاظت واپسی کے لیے حکومت کو پوری طاقت لگانے کی ضرورت ہے تبھی ملک کو چین ملے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔