پرگیہ ٹھاکر کے خلاف اقلیتوں کے تئیں بیان بازی کرنے کی شکایت درج، ’لو جہاد‘ کا ہتھیاروں سے جواب دینے کی اپیل کی تھی

شکایت کنندہ نے پرگیہ ٹھاکر پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے لوگوں (ہندوؤں) سے اپیل کی تھی کہ ’لو جہاد‘ کرنے والوں کو انہی کے انداز میں کرارا جواب دیں۔

پرگیہ ٹھاکر / آئی اے این ایس
پرگیہ ٹھاکر / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بنگلورو: بھوپال سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے خلاف ان کے حالیہ دورہ کرناٹک کے دوران اقلیتی برادری کے خلاف 'توہین آمیز' بیان دینے کے سلسلے میں پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ پولیس نے منگل کو یہ جانکاری دی۔ وینچر کیپیٹلسٹ اور سیاسی تجزیہ کار تحسین پونا والا نے سوشل میڈیا کے ذریعے شیموگا ایس پی جی کے متھن کو شکایت کی ایک کاپی بھیجی ہے۔ شکایت کی ایک کاپی وزیر اعلی بسواراج بومئی کو بھی بھیجی گئی ہے۔

مدھیہ پردیش کی ایم پی پرگیہ ٹھاکر نے اتوار کو شیموگا شہر میں منعقدہ ’ہندو جاگرن ویدیکے‘ کے سالانہ کنونشن میں شرکت کی تھی۔ وہ بجرنگ دل کے کارکن ہرشا کے گھر بھی گئی، الزام ہے کہ اسے حجاب کے خلاف مہم چلانے کی بنا پر قتل کیا گیا ہے۔ شکایت کنندہ نے پرگیہ ٹھاکر پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے تقریب میں تقریر کرتے ہوئے اقلیتی برادری کے خلاف انتہائی 'توہین آمیز' بیان بازی کی۔ پرگیہ نے لوگوں (ہندوؤں) سے اپیل کی تھی کہ ’لو جہاد‘ کرنے والوں کو انہی کے انداز میں کرارا جواب دیں۔


انہوں نے ہندوؤں سے مزید کہا کہ وہ اپنی لڑکیوں کا خیال رکھیں اور گھر پر ہتھیار رکھیں۔ انہوں نے کہا ’’اگر آپ کے پاس ہتھیار نہیں ہیں تو سبزیاں کاٹنے والے چاقو کی دھار تیز کریں۔ انہوں نے ہمارے ہرش کو چاقو سے قتل کر دیا گیا۔ انہوں نے ہندو کارکنوں کو قتل کرنے کے لیے چھریوں کا استعمال کیا، ہمیں کسی بھی واقعے کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ اس کے لیے اپنی چھریوں کو تیز رکھیں۔ اگر ہماری چھری سبزیوں کو اچھی طرح کاٹ سکتی ہے تو یہ ہمارے دشمنوں کے خلاف بھی کارگر ثابت ہو سکتی ہے۔‘‘

شکایت کنندہ نے کہا کہ پرگیہ سنگھ کی تقریر اقلیتی برادری کے خلاف ہتھیار استعمال کرنے کی کھلی اپیل تھی۔ اس کے علاوہ تقریر مسلمانوں کے خلاف عدم رواداری، نفرت، تشدد کو بھڑکانے کا ممکنہ اثر ہے جو کہ ایک جرم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔