اتر پردیش میں لگاتار بارش سے معمولات زندگی بے حال، کئی گھروں میں گھسا پانی

محکمہ موسمیات نے لکھنؤ، لکھیم پور، سیتاپور، ہردوئی، کانپور، بارابنکی، علی گڑھ، متھرا، ہاتھرس، آگرہ، فیروز آباد، ایٹاوا، اوریا، بریلی، پیلی بھیت وغیرہ میں موسلادھار بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اتر پردیش میں بارش کے بعد پیدا حالات</p></div>

اتر پردیش میں بارش کے بعد پیدا حالات

user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے کئی علاقوں میں لگاتار جاری بارش سے عام زندگی بری طرح متاثر ہو گئی ہے، جس سے سرکاری انتظام کی قلعی کھل گئی ہے۔ لکھنؤ میں گزشتہ 14 گھنٹے سے لگاتار بارش ہو رہی ہے۔ کبھی تیز اور کبھی رم جھم بارش سے شہر کے بھیڑ بھاڑ والے علاقے کی سڑکوں میں دو سے تین فیٹ تک پانی بھر گیا ہے۔ بیشتر کالونیوں میں پانی گھروں میں گھس گیا ہے۔

راجدھانی کی اہم سڑکوں پر آبی جماؤ کے سبب زبردست جام کا بھی نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کیب سروس کا سسٹم منہدم ہو گیا ہے۔ لوگ اپنے گھروں میں قید ہو گئے ہیں۔ لکھنؤ کے علاوہ کانپور میں بھی اتوار سے بارش کا دور جاری ہے، جس سے پورا شہر پانی پانی ہو گیا ہے۔ مراد آباد میں ریلوے ٹریک پر پانی بھر گیا ہے۔ ابھی محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی تنبیہ دیتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔


موسم کی مار کو دیکھتے ہوئے لکھنؤ ضلع کے سبھی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کڑکنے اور موسلادھار بارش کے مدنظر لکھنؤ میں کوئی بھی شخص بلاضرورت باہر نہ گھومے۔ غیر محفوظ عمارتوں اور درختوں کے رابطے میں بھی آنے سے لوگوں کو بچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع کے باشندوں کو اپنے گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور احتیاط کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔

لکھنؤ کے علاوہ مراد آباد اور بارابنکی میں بھی اسکولوں کی تعطیل کر دی گئی ہے۔ ریاست میں بارش کا لگاتار تیسرا دن ہے۔ اس سے پہلے اتوار کو بھی لکھنؤ، میرٹھ، ایودھیا، مراد آباد، غازی آباد اور کانپور سمیت کئی شہروں میں زوردار بارش ہوئی۔ مراد آباد میں اتنا پانی برسا کہ ریلوے ٹریک تک ڈوب گیا۔ سڑکوں پر پانی بھر گیا۔ ریلوے نے 9 سے زیادہ ٹرینوں کو کینسل کر دیا گیا۔ کئی مقامات پر درخت گرے اور بیشتر سڑکوں پر پانی بھر گیا۔


محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے بعد بارش میں کچھ کمی آئے گی اور درجہ حرارت بڑھے گا۔ موسمیاتی مرکز کے سینئر سائنسداں اتل کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ اب پیر سے لکھنؤ میں بارش کی رفتار کم ہو سکتی ہے۔ حالانکہ آس پاس کے کئی ضلعوں میں گرج اور چمک کے ساتھ تیز بارش کے لیے الرٹ جاری ہے۔

ابھی شمالی مدھیہ پردیش کے ضلعوں میں سائیکلونک سرکولیشن بنا ہوا ہے۔ اسی کے سبب اتر پردیش کے کئی حصوں میں گرج اور چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش درج ہو رہی ہے۔ اتل کمار سنگھ کے مطابق 12 ستمبر تک موسم ایسا ہی رہے گا۔ 13 ستمبر سے مانسون کی سرگرمی میں کمی آئے گی۔ مغربی علاقوں میں بارش کی تیزی گھٹے گی۔


محکمہ موسمیات نے لکھنؤ، لکھیم پور کھیری، سیتاپور، ہردوئی، کانپور، بارابنکی، علی گڑھ، متھرا، ہاتھرس، آگرہ، فیروز آباد، ایٹاوا، اوریا، بریلی، پیلی بھیت، شاہجہاں پور، سنبھل، بدایوں، جالون، حمیر پور، مہوبا، جھانسی، للت پور اور آس پاس موسلادھار بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بارش کے مدنظر متعلقہ ضلعوں کے افسران کو پوری ذمہ داری سے راحتی کام چلانے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ افسران علاقے کا دورہ کر راحتی کام پر نظر رکھیں۔ بارش سے متاثر لوگوں کو ضروری راحتی امداد بلاتاخیر تقسیم کریں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ ہدایت بھی دی ہے کہ آبی جماؤ کی حالت میں پانی نکالنے کے لیے بہتر انتظام کیا جائے۔ ندیوں کے آبی سطح پر ہمیشہ نگرانی کی جائے۔ فصلوں کو ہوئے نقصان کا اندازہ کر ضروری کارروائی کی جائے تاکہ متاثرہ کسانوں کو اصول کے مطابق معاوضہ کی رقم دی جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔