کامیڈین منور فاروقی کی ضمانت عرضی ہائی کورٹ نے خارج کی

جسٹس روہت آریہ نے آج فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بادی النظر میں دونوں کے خلاف مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام صحیح نظر آتے ہیں۔ ایسے حالات میں درخواست گزاروں کو ضمانت نہیں دی جاسکتی ہے۔

منور فاروقی/ تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
منور فاروقی/ تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اندور: مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی اندور بنچ نے ’اسٹینڈ اپ کامیڈین ‘منور فاروقی اور ایک دیگر کی ضمانت عرضی کو آج خارج کر دیا۔ عدالت نے 25 جنوری کو معاملے سے متعلق فریقین کی دلیلیں سن کر فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا، جسے آج جاری کیا ہے۔

جسٹس روہت آریہ کی سنگل بنچ نے آج فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ معاملے میں جانچ جاری ہے، لہٰذا قصور کی بنیاد پر فی الحال نتیجہ نہیں نکالا جا رہا ہے، لیکن بادی النظر میں دونوں درخواست گزاروں کے خلاف مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام صحیح نظر آتے ہیں۔ ایسے حالات میں درخواست گزاروں کو ضمانت نہیں دی جاسکتی ہے۔


اس فیصلے میں عدالت نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک بے حد خوبصورت ہے، ثقافت، زبان، مذہبی عقیدت اور جغرافیائی گونا گونیت کا خوبصورت تانا بانا ہے۔ ہمارا آئین جہاں ہم شہریوں کو کئی حقوق دیتا ہے، وہیں ہم شہریوں کے کئی آئینی فرائض بھی ہیں۔ موجودہ حقوق اور فرائض کے درمیان تال میل رکھ کر ہم اس گوناگونیت کو محفوظ رکھیں، کسی کے جذبات کو مجروح نہ کریں۔

اس سے پہلے یہاں اسٹینڈ اپ کامیڈی کا انعقاد ایک شو میں پرفارمینس کرنے آئے منور فارقی کو ایک جنوری 2020 کو تکوگنج پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے طنز و مزاح کے ذریعہ مذہبی جذبات کو مجروح کرنے، بڑی شخصیات کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے کی دفعات میں گرفتار کیا تھا۔ اسی معاملے میں دیگر چار آرگانائیزروں کو بھی پولیس نے گرفتار کیا ہے۔


انہی ملزمین میں سے منور اور نلن یادو کی ضمانت عرضی نچلی عدالت اور سیشن جج سے خارج ہونے کے بعد دونوں نے ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا۔ ملزمین کی جانب سے پیروی راجیہ سبھا رکن اور سینئر ایڈووکیٹ ویویک تنکھا نے کی جبکہ حکومت کی جانب سے امت سسودیا نے پیروی کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔