دہلی چلو، جمہوریت بچاؤ: ’راہل گاندھی الیکشن کمیشن سے شکایت کرتے ہیں تو ان سے حلف نامہ طلب کیا جاتا ہے‘
راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے عوام سے اپیل کی کہ ’’سبھی کو بڑی تعداد میں رام لیلا میدان پہنچ کر ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ ریلی کو کامیاب بنانا ہے۔ جمہوریت بچانے میں سب کی شراکت داری ضروری ہے۔‘‘

’’آج ملک کے سامنے جمہوریت اور آئین کو بچانے کا چیلنج ہے۔ جس طرح کا سلوک الیکشن کمیشن کر رہا ہے، وہ بہت افسوسناک ہے۔ اگر کوئی عام ووٹر بھی شکایت کرتا ہے تو الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی جانچ کرے۔ یہاں تو ملک میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی جی الیکشن کمیشن سے شکایت کر رہے ہیں تو الیکشن کمیشن ان سے حلف نامہ طلب کرتا ہے۔‘‘ یہ بیان آج راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے عوام کے نام جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں دیا ہے۔
دراصل کانگریس نے آئندہ 14 دسمبر کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں ’ووٹ چور گدی چھوڑ‘ نام سے عظیم الشان ریلی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس ریلی میں ملک کی مختلف ریاستوں سے بڑی تعداد میں عوام کی حاضری یقینی ہے۔ اس کے لیے کانگریس کے سرکردہ لیڈران لگاتار عوام سے اپیل کر رہے ہیں اور ریاستی سطح پر مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ اس ریلی کے ذریعہ ’ووٹ چوری‘ کے خلاف آواز بلند کرنے کا ارادہ کانگریس نے ظاہر کیا ہے، تاکہ الیکشن کمیشن پر انتخابات غیر جانبداری کے ساتھ کرانے کا دباؤ بنایا جا سکے۔
اشوک گہلوت کا ایک ویڈیو پیغام کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کیا ہے، جس میں وہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ’’حالات بہت فکر انگیز ہیں۔ اس سے نمٹنے کے لیے کانگریس 14 دسمبر کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں ایک ریلی منعقد کرنے جا رہی ہے۔ ہم سبھی کو بڑی تعداد میں پہنچ کر اس ریلی کو کامیاب بنانا ہے۔ جمہوریت بچانے میں ہم سب کی شراکت داری بہت ضروری ہے۔‘‘
کانگریس اقلیتی شعبہ کے چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی کا ویڈیو پیغام بھی کانگریس نے شیئر کیا ہے، جو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہا ہے۔ انھوں نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’آئندہ 14 دسمبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں راہل گاندھی جی کی آواز پر پورا ملک اکٹھا ہو رہا ہے۔ اس میں ایک ہی نعرہ ہے ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘۔ اس ریلی میں ملک کا ہر وہ شخص شامل ہو رہا ہے، جو ووٹ چوری کے خلاف ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’میں آپ سبھی وک اس عظیم الشان ریلی میں آنے کی دعوت دیتا ہوں۔ ہمارے ساتھ آئیے اور ووٹ چوری کے خلاف اپنی آواز بلند کیجیے۔‘‘
کانگریس کے شعبۂ خاتون کی صدر الکا لامبا نے اپنی اپیل میں بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کا ذکر خاص طور سے کیا ہے۔ انھوں نے عوام سے کہا ہے کہ ’’ووٹ کے حق کو بچانے کے لیے دہلی کے رام لیلا میدان میں 14 دسمبر کو لوگ جمع ہو رہے ہیں۔ ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ نعرہ کے ساتھ ہمیں ان ’ووٹ چوروں‘ سے اقتدار کو بچانا ہے، کیونکہ ہمارے آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ بی جے پی، نریندر مودی، الیکشن کمیشن مل کر ملک کے شہریوں کے حقوق چوری کر رہے ہیں۔‘‘ وہ یہ عزم بھی ظاہر کرتی ہیں کہ ’’ہم آئین پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔‘‘
کانگریس میں درج فہرست ذات ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین ایڈووکیٹ راجندر پال گوتم اپنے ویڈیو پیغام میں کہتے ہیں کہ ’’جب سے ملک میں بی جے پی کی حکومت آئی ہے، تبھی سے ای وی ایم سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ دلتوں، پچھڑوں اور قبائلیوں کے ووٹ کاٹے جا رہے ہیں۔ لوگوں کے ووٹ کی چوری ہو رہی ہے۔ ایسے میں ملک کے آئین کو بچانے کے لیے راہل گاندھی جی کی قیادت میں آزادی کی دوسری جنگ شروع ہونے جا رہی ہے۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’آپ سبھی 14 دسمبر 2025 کو دہلی کے رام لیلا میدان میں آئیے اور ملک کے مفاد میں اپنا تعاون دیجیے۔‘‘
اس ریلی میں شرکت کی اپیل کانگریس میں قبائلی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین وکرم بھوریا نے بھی کی ہے۔ وہ عوام سے کہتے ہیں کہ ’’ووٹ چوری جمہوریت پر براہ راست حملہ ہے۔ راہل گاندھی جی نے ثبوتوں کے ساتھ ’ووٹ چوری‘ کا سچ پورے ملک کے سامنے رکھ دیا، جس کا جواب نہ بی جے پی کے پاس ہے اور نہ ہی الیکشن کمیشن کے پاس۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’اگر ملک میں آپ کا ووٹ محفوظ نہیں ہے، تو جمہوریت محفوظ نہیں ہے۔ اس لیے ووٹ چوری کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے 14 دسمبر کو رام لیلا میدان میں ایک جلسہ ہونے والا ہے۔ یہ صرف کانگریس کا جلسہ نہیں ہے، ہر اس انسان کا جلسہ ہے جو ملک سے محبت کرتا ہے۔ آئیے، ساتھ مل کر اپنے حقوق کی حفاظت کریں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔