دہلی میں سردی کی دستک! رات بھر ہوتی رہی بارش، کیسا رہے گا آنے والے دنوں میں موسم کا حال؟

مسلسل بارشوں اور تیز ہواؤں کے سبب دہلی-این سی آر کے باشندگان کو صرف گرمی سے ہی نہیں بلکہ فضائی آلودگی سے راحت ملی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق یہ سلسلہ آئندہ کچھ روز تک بھی جاری رہے گا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی علاقہ (دہلی-این سی آر) میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری بارش نے پوری طرح سے ماحول ہی بدل کر رکھ دیا ہے۔ پیر کے روز ہونے والی شدید بارش کے بعد درجہ حرارت میں تقریباً 7 ڈگری سیلسیس کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ سرد ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے رواں موسم میں پہلی بار لوگوں کو سردی کا ہلکا سا احساس دلایا ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق پیر کی طرح منگل کو بھی کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، جس سے یہ خوشگوار موسم ابھی کچھ دن اور جاری رہ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ جب دہلی والے 6 اکتوبر کی صبح نیند سے جاگے تو آسمان پر گھنے بادل چھائے ہوئے تھے اور کئی علاقوں میں ہلکی بارش جاری تھی۔ دن بھر سورج چمکتا رہا، لیکن وقفے وقفے سے بارش بھی ہوتی رہی۔ اس دوران درجہ حرارت 26.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 7.7 ڈگری کم ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس سے صبح اور شام کو سردی کا احساس ہوا۔


محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق منگل کے روز بھی پورے دن آسمان پر بادل چھائے رہیں گے۔ اس درمیان وقفے وقفے پر بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اسی طرح 8 اور 12 اکتوبر کے درمیان آسمان ابر آلود رہے گا اور دھوپ آنکھ مچولی کرتی رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ڈسٹربنس کے اثر کی وجہ سے شمالی ہندوستان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش اور برف باری ہو رہی ہے۔ اس کے اثرات دہلی، ہریانہ، پنجاب، اتر پردیش اور ودربھ میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں جب ہوا کا رخ بدلے گا تو شمالی ہندوستان میں موسم صاف ہو جائے گا، جب کہ جنوبی ہندوستان میں بارش کی سرگرمیاں بڑھ جائیں گی۔

پیر کے روز سے جاری بارش سے دہلی کی ہوا اور ماحولیات کو بھی بڑی راحت ملی ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پیر کو قومی راجدھانی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 105 پر ریکارڈ کیا گیا، جو ’معتدل ‘ زمرے میں آتا ہے۔ 5 اکتوبر کو یہ 159 پر تھا، صرف 24 گھنٹوں میں 54 پوائنٹس کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ بارش، تیز ہواؤں اور ابر آلود آسمان کے باعث آئندہ چند روز تک ہوا صاف رہ سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔