دہلی میں اگلے ہفتے سرد لہر کا الرٹ، ٹھٹھرنے لگا اتر پردیش، کشمیر میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے
دہلی میں 15 دسمبر تک درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ کا امکان نہیں ہے۔ اتر پردیش کے پوروانچل کے کچھ علاقوں میں شدید کہرے کا امکان ہے۔ اس دوران ریاست کے مشرقی حصے میں شدید کہرے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

قومی راجدھانی میں عام طور پر دسمبر شدید سردی کے لیے مشہور ہے لیکن اس بار رواں ماہ کے 10دن گزر گئے ہیں مگر سردی ابھی تک صرف احساس دلانے تک ہی محدود ہے حالانکہ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے شدید سردی کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ دہلی میں دسمبر میں اب تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہا ہے، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت بھی 9 ڈگری سیلسیس کے آس پاس ہے۔ ایسے حالات میں گزشتہ چند دنوں سے سردی کا احساس کم ہوا ہے۔ اگرچہ دہلی، نوئیڈا سے کرغازی آباد میں کہرا ضرور پڑے گا لیکن محکمہ موسمیات کی طرف سے کوئی انتباہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 15 دسمبر تک درجہ حرارت میں کوئی خاص کمی ہونے والی نہیں ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 15 دسمبر کے بعد دہلی میں درجہ حرارت میں گراوٹ کے ساتھ سردی کی لہر قہر برپا کرسکتی ہے۔ اترپردیش کے پوروانچل کے کچھ علاقوں میں شدید کہرے کا امکان ہے۔ وہیں ریاست کے کشی نگر، بہرائچ اور گورکھپور جیسے علاقوں میں شدید کہرے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، ودربھ، اڈیشہ اور مہاراشٹر کے کچھ علاقوں میں سرد لہر کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
تاہم پنجاب اور ہریانہ میں شدید سردی پڑ رہی ہے۔ دونوں ریاستوں میں کم سے کم درجہ حرارت 3.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ امرتسر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.1 ڈگری سیلسیس رہا، جبکہ پٹیالہ اور لدھیانہ میں 9.2 اور 10.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ پٹھان کوٹ، گورداسپور، بھٹنڈہ اور فرید کوٹ جیسے سرحدی علاقوں میں بالترتیب 5.6 ڈگری، 5.8 ڈگری، 3.8 ڈگری اور 5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ چندی گڑھ میں درجہ حرارت 8.6 ڈگری تھا۔ ہریانہ کےامبالا میں کم سے کم درجہ حرارت 10.9 ڈگری اور حصار میں 6.7 ڈگری سیلسیس رہا۔ اسی طرح کرنال، نارنول، روہتک، بھیوانی اور سرسا میں کم از کم درجہ حرارت بالترتیب 9.3 ڈگری، 5.8 ڈگری، 9.4 ڈگری، 7 ڈگری اور 6.4 ڈگری درج کیا گیا ہے۔
دوسری طرف کشمیر میں درجہ حرارت نقطہ انجماد یا صفر سے نیچے پہنچ گیا ہے۔ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی سے 3.7 ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا۔ قاضی گنڈ اور کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی سے 3.6 ڈگری نیچے رہا۔ گیا۔ کشمیر کے کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی سے 0.5 ڈگری نیچے رہا۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی سے 4.8 ڈگری کم درج کیا گیا۔ گلمرگ میں منفی 2.5 ڈگری اور پلوامہ میں منفی5.1 ڈگری درجہ حرارت رہا۔ وادی میں 12 دسمبر تک موسم خشک رہے گا۔ 13 دسمبر سے کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔