رامچیت موچی نے راہل گاندھی کی رہائش پر پہنچ کر کی ملاقات، منظر عام پر آئی ویڈیو میں سونیا-پرینکا بھی آئیں نظر

کانگریس نے اس ملاقات کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’جوتے بنانے کے کام میں ہنرمند یوپی، سلطان پور کے رامچیت جی اپنے کنبہ کے ساتھ راہل گاندھی سے ملنے ان کے گھر پہنچے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے سلطان پور میں رہنے والے موچی رامچیت آج (17 فروری) لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچے۔ اس دوران کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی بھی موجود تھیں۔ رامچیت نے تینوں کو ہی اپنے ہاتھوں سے تیار چپل بطور تحفہ پیش کیا۔

یہ وہی رامچیت موچی ہیں جنھیں راہل گاندھی نے جوتا-چپل سینے والی مشین تحفے میں دی تھی۔ اس ملاقات کی ایک ویڈیو کانگریس کے آفیشیل سوشل میڈیا ہینڈل ’ایکس‘ پر شیئر کی گئی ہے۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’جوتے بنانے کے کام میں ہنرمند یوپی، سلطان پور کے رامچیت جی اپنے کنبہ کے ساتھ آج راہل گاندھی سے ملاقات کرنے ان کے گھر پہنچے۔ یہاں ان سے سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی نے بھی ملاقات کی۔‘‘


کانگریس نے اس ملاقات کے دوران ہوئی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’رامچیت نے بتایا کہ راہل گاندھی کی دی ہوئی مشین سے وہ لگاتار اپنا بزنس آگے بڑھا رہے ہیں۔ یہ ایک مثال ہے کہ اگر ملک کے ہنر مند ہاتھوں کو طاقت دی جائے تو وہ پوری دنیا میں اپنے ہنر کا پرچم گاڑ دیں گے۔‘‘

شیئر کی گئی ویڈیو 1.29 منٹ کی ہے۔ اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رامچیت سے ملاقات کے دوران راہل گاندھی نے انھیں گلے لگایا اور سونیا-پرینکا گاندھی نے بھی ان کا استقبال کیا۔ اتنا ہی نہیں، رامچیت نے سونیا گاندھی کے پیر بھی چھوئے۔ اس ملاقات کے دوران رامچیت کا کنبہ بھی ساتھ تھا۔ رامچیت نے سونیا گاندھی سے اپنے پوتے کا تعارف بھی کرایا۔ ویڈیو میں رامچیت اپنے ہاتھوں سے تیار چپل سونیا گاندھی کو تحفے میں پیش کرتے نظر آ رہے ہیں۔ انھوں نے راہل اور پرینکا کو بھی چپل بطور تحفہ پیش کیا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ راہل گاندھی نے جو مشین تحفے میں دی تھی، اس سے وہ بہت جلد چپلیں بنا لیتے ہیں اور اپنے کاروبار کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔