کلاس روم گھوٹالہ: عام آدمی پارٹی اور بی جے پی دونوں نے کرپشن میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، دیویندر یادو

دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے عام آدمی پارٹی پر اسکول گھوٹالے میں کرپشن کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی بھی اقتدار میں آ کر مجرموں کو سزا دلانے میں ناکام رہی

<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو / تصویر آئی این سی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے دہلی حکومت کے تحت اسکولوں میں 12748 کلاس روم کے تعمیراتی گھوٹالے میں سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا اور سابق وزیر پی ڈبلیو ڈی ستیندر جین کو نوٹس جاری کیے ہیں۔ یہ نوٹس 6 اور 9 جون کو پیشی کے لیے بھیجے گئے ہیں۔ ان کے مطابق، اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ قانون کی گرفت سے کوئی بھی کرپٹ شخص بچ نہیں سکتا۔

جاری کردہ ایک پریس بیان میں دیویندر یادو نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی (عآپ) تعلیم کو اپنی سب سے بڑی کامیابی قرار دیتی تھی لیکن دہلی کے عوام کے سامنے سچائی اب کھل کر آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے کلاس روم کی تعمیر میں تقریباً 2000 کروڑ روپے کا گھوٹالہ ہوا، جس میں بے ضابطگیاں پائی گئیں اور قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ 2015 سے 2025 تک دہلی حکومت کے کرپشن کے 50 سے زیادہ مقدمات اور 2017 سے 2025 کے درمیان دہلی میونسپل کارپوریشن میں 27982 مقدمات اے سی بی میں درج ہوئے، جو ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دونوں کرپشن میں برابر کی شریک ہیں۔


دیویندر یادو نے بی جے پی کی موجودہ وزیر اعلیٰ دہلی ریکھا گپتا کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اقتدار سنبھالتے ہی شراب، تعلیم اور دیگر محکموں کے گھوٹالوں کو عوامی کیا لیکن مجرموں کو سزا دلانے میں کوئی حساسیت نہیں دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ جب عام آدمی پارٹی اقتدار میں تھی تو بی جے پی سڑکوں پر ان گھوٹالوں کے خلاف احتجاج کرتی تھی لیکن اب اقتدار میں آ کر خاموشی اختیار کر لی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہلی میں ہوئے شراب، تعلیم، صحت، ڈی ٹی سی، پی ڈبلیو ڈی اور بجلی سمیت 14 گھوٹالوں کی سی اے جی رپورٹ عام ہونے کے بعد واضح ہو گیا ہے کہ عآپ کی حکومت صرف ظاہری ترقی کا دعویٰ کرتی رہی۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کی آر ٹی آئی سیل کے ذریعے حاصل کردہ معلومات کے مطابق 2015 سے 2025 کے درمیان دہلی حکومت کے افسران کے خلاف 50086 مقدمات جبکہ 2019 سے 2025 کے دوران دیگر 9746 مقدمات اے سی بی میں درج ہوئے۔ اس کے علاوہ 2017 سے 2025 کے دوران دہلی میونسپل کارپوریشن کے 27982 مقدمات بھی اے سی بی میں درج کیے گئے، جن میں بی جے پی کا بھی کردار رہا کیونکہ وہ اس عرصے میں کارپوریشن پر قابض رہی۔

یادو نے مطالبہ کیا کہ مرکز اور دہلی کی بی جے پی حکومت کو چاہیے کہ ان تمام مقدمات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے کرپشن میں ملوث افراد کو جیل بھیجا جائے۔ انہوں نے دہلی کی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس ملی بھگت کو سمجھیں اور کانگریس کا ساتھ دیں تاکہ دہلی کو کرپشن سے پاک کیا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔