جنوبی کشمیر میں شبانہ تصادم آرائی، حزب کمانڈر سمیت تین جنگجو ہلاک

پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا، ’’ایک کامیاب آپریشن کے دوران ترال میں حزب المجاہدین کے تین جنگجو مارے گئے، جن میں حماد خان کے مارے جانے کے بعد علاقے کا سب سے خطرناک سرگرم جنگجو جہانگیر بھی شامل ہے‘‘

کشمیر میں انکاؤنٹر کی فائل تصویر
کشمیر میں انکاؤنٹر کی فائل تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کانجی بل ترال علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ایک شبانہ تصادم آرائی میں حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ ایک اعلیٰ کمانڈر سمیت تین جنگجو ہلاک ہوئے۔ جموں کشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ ترال تصادم آرائی میں حزب المجاہدین کے تین جنگجو مارے گئے۔

انہوں نے کہا: ‘انٹی ملی ٹنٹ کارروائی 2020 کے دوران آج ایک کامیاب آپریشن کے دوران ترال میں حزب المجاہدین کے تین جنگجو مارے گئے، حماد خان کے مارے جانے کے بعد علاقے میں سب سے خطرناک سرگرم جنگجو جہانگیر بھی ان میں شامل ہے’۔ انہوں نے کہا باقی دو مارے گئے جنگجو راجہ عمر مقبول اور سعادت فاروق ہیں۔ موصوف سربراہ نے کہا کہ مہلوک جنگجوؤں میں سے دو ترال کے رہنے والے تھے جب کہ ایک بجبہاڑہ کا باشندہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ جائے تصادم آرائی سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی بر آمد کیا گیا۔
دلباغ سنگھ نے کہا کہ سال 2020 کے دوران اب تک دس آپریشن ہوئے ہیں جن میں سے آٹھ کشمیر میں جبکہ دو جموں میں وقوع پذیر ہوئے ہیں۔

جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ
جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ

انہوں نے کہا کہ ان آپریشنوں کے دوران کشمیر میں 19 جبکہ جموں میں 4 جنگجو مارے گئے ہیں۔ موصوف پولیس سربراہ نے مزید کہا کہ پولیس نے جنگجوؤں کی صفوں میں شرکت کرنے کی راہ اختیار کرنے والے 8 نوجوانوں کو واپس لا کر اپنے گھر والوں کے حوالے کیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہوتے ہی فوج کی راشٹریہ رائفلز، پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے پلوامہ کے کانجی ترال علاقے کو منگل کی شب محاصر میں لے لیا اور علاقے کی طرف آ نے جانے والے تمام راستوں کو سیل کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ فورسز کی طرف سے تلاشی کارروائی کے دوران طرفین کے درمیان جھڑپ چھڑ گئی جس کے نتیجے میں تین جنگجو ہلاک ہوئے۔ پولیس ذرائع نے مہلوک جنگجوؤں کی شناخت حزب المجاہدین کا اعلیٰ کمانڈر جہانگیر رفیق وانی ساکن امیر آباد ترال ، راجہ عمر مقبول ساکن لر گام ترال اور سعادت فاروق ساکن بجبہاڑہ کے بطور کی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ان مہلوک جنگجوؤں نے حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم سے کنارہ کشی کرکے حال ہی میں انصار غزوۃ الہند میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جائے تصادم آرائی سے اسلحہ جس میں اے کے 47 اور اے کے 56 رائیفلز بھی شامل ہیں، بر آمد کی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔