جموں و کشمیر: پلوامہ میں تصادم، 2 ملی ٹینٹ ہلاک، ایک سی آر پی ایف جوان شہید

کشمیر زون پولس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے پلوامہ میں تصادم کے دوران دو ملی ٹینٹ اور ایک سی آر پی ایف اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے بنڈزو نامی علاقہ میں منگل کی علی الصبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو ملی ٹنٹ اور سی آر پی ایف کا ایک اہلکار مارا گیا۔ کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے تصادم میں دو ملی ٹنٹوں اور ایک سی آر پی ایف اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے مہلوک سی آر پی ایف اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔


سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے بنڈزو نامی علاقہ میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پلوامہ پولیس، فوج کی 55 آر آر اور سی آر پی ایف نے منگل کی علی الصبح مذکورہ علاقے میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوںہی سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم ایک مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں موجود ملی ٹنٹوں نے اس ٹیم میں شامل اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جو دو ملی ٹنٹوں اور ایک سی آر پی ایف کے ایک اہلکار کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی کشمیر میں رواں ماہ اب تک 11 ملی ٹنٹ مخالف آپریشنز میں 30 ملی ٹنٹ مارے جاچکے ہیں جن میں سے بیشتر مقامی اور حزب المجاہدین سے وابستہ تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔