تہاڑ جیل میں تلاشی مہم کے دوران قیدیوں اور جیل وارڈن کے درمیان تصادم، 21 زخمی قیدیوں میں سے 4 اسپتال میں داخل

تہاڑ جیل میں سیل نمبر 8 کے ایک وارڈ میں موبائل فون کے استعمال کی خفیہ اطلاع ملی تھی، اس کے بعد 21 جون کو 5.20 بجے سے 5.50 بجے کے درمیان تلاشی لی گئی۔

تہاڑ جیل، تصویر آئی اے این ایس
تہاڑ جیل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

تہاڑ جیل انتظامیہ نے بدھ کی دیر رات جیل نمبر 8 میں تلاشی مہم چلائی۔ اس دوران ایک سیل سے موبائل فون برآمد کیا گیا۔ اس کے بعد قیدیوں اور جیل وارڈن کے درمیان کہا سنی شروع ہو گئی۔ تہاڑ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مباحثہ کے دوران کئی قیدیوں نے خود کو زخمی کر لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مجموعی طور پر 21 قیدی زخمی ہوئے جن میں سے 17 کو ہلکی چوٹ لگی ہے اور 4 کو زیادہ چوٹ پہنچی ہے جنھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

دراصل تہاڑ جیل میں سیل نمبر 8 کے ایک وارڈ میں موبائل فون کے استعمال کی خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد 21 جون کو 5.20 بجے سے 5.50 بجے کے درمیان تلاشی لی گئی۔ اس تلاشی مہم میں ایک موبائل اور سوئی کی برآمدگی ہوئی۔ اس معاملے میں قیدیوں سے پوچھ تاچھ کی گئی اور موبائل چارجر کے ساتھ ساتھ سم کارڈ بھی برآمد کیا گیا۔ پوچھ تاچھ کے دوران ایک قیدی نے موبائل فون رکھنے کی بات کا اعتراف کیا۔ پھر اس چھپے ہوئے موبائل فون کی برآمدگی کے لیے جیل ملازمین کنٹرول روم سے بیرک تک اس کے ساتھ گئے۔ حالانکہ بیرک میں پہنچنے پر وہاں موجود دیگر ساتھی قیدیوں نے اسے جیل انتظامیہ کو موبائل فون نہ سونپنے کے لیے اکسایا۔ دیگر قیدیوں نے جیل ملازمین کے ساتھ غلط سلوک کرنا بھی شروع کر دیا۔


بتایا جاتا ہے کہ 20 سے زیادہ قیدیوں نے جیل انتظامیہ کو ڈرانے کے لیے خود کو چوٹ پہنچائی تاکہ انھیں بیرک سے چھپا ہوا موبائل فون برآمد کرنے سے روکا جا سکے۔ ہنگامہ کے دوران ایک قیدی نے چھپا ہوا موبائل فون نکالا اور اپنے گھر والوں کو فون کیا۔ پھر گھر والوں نے پی سی آر 112 کو فون کیا اور جیل ملازمین کے ذریعہ جیل کے اندر قیدیوں کو پیٹنے کا الزام لگایا۔ اس درمیان کنٹرول روم میں موجود اضافی ملازمین فوراً جائے حادثہ پر پہنچے اور حالات کو قابو میں کیا۔ زخمی قیدیوں کو جیل ڈسپنسری کے اندر خود کو لگائی گئی چوٹ کے لیے علاج کیا گیا اور ان میں سے 4 کو خود کو چوٹ پہنچانے کے دوران لگی گہری چوٹ کو دیکھتے ہوئے ڈی ڈی یو اسپتال میں ریفر کیا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ ہنگامہ کے دوران سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا گیا اور رات تقریباً 10.30 بجے چھپا ہوا موبائل فون برآمد ہوا۔ یہی وہ موبائل فون تھا جس کا استعمال ایک قیدی نے اپنے گھر والوں کو فون کرنے کے لیے کیا تھا۔ قیدیوں کے ذریعہ خود کو چوٹ پہنچا کر جیل انتظامیہ کو ڈرانے دھمکانے کا واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا۔ واقعہ کی شکایت پولیس اسٹیشن، ہری نگر میں کر دی گئی ہے۔ قصوروار قیدیوں کے خلاف دہلی جیل ضابطوں کے مطابق آگے کی کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔