اگنی پتھ: چراغ پاسوان نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو خط لکھ کر کی خصوصی گزارش

اگنی پتھ اسکیم پر ملک میں زبردست مخالفت کے درمیان لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے سربراہ چراغ پاسوان نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو خط لکھ کر اسے فوراً واپس لینے کی گزارش کی ہے۔

چراغ پاسوان، تصویر یو این آئی
چراغ پاسوان، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

اگنی پتھ اسکیم پر ملک میں زبردست مخالفت کے درمیان لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے سربراہ چراغ پاسوان نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو خط لکھ کر اسے فوراً واپس لینے کی گزارش کی ہے۔ پاسوان نے کہا کہ مرکز کے اس طرح کے قدم سے ملک میں بے روزگاری بڑھے گی۔ چراغ نے خط میں لکھا ہے کہ ’’اگنی پتھ اسکیم سے نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔ ملازمت کے خواہش مند پرانے طریقہ کار کے مطابق امتحان کی تیاری کر رہے ہیں۔ نیا منصوبہ شروع ہونے کے بعد نوجوان ناراض ہیں۔ اس لیے بہار سمیت کئی ریاستوں میں پرتشدد مظاہرے ہو رہے ہیں۔‘‘

چراغ پاسوان کا کہنا ہے کہ ’’اگنی پتھ اسکیم سے ملک میں بے روزگاری بڑھے۔ اس سے نوجوانوں میں عدم اطمینان کا ماحول قائم ہوگا جو باعث فکر ہے۔ میں وزیر دفاع سے اس فیصلے پر از سر نو غور کرنے اور اسے واپس لینے کی گزارش کرتا ہوں۔‘‘


اس درمیان نتیش کمار حکومت میں کابینہ وزیر رہے بجیندر پرساد یادو نے بھی اگنی پتھ اسکیم پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’طلبا اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت کر رہے ہیں۔ اس معاملے میں مرکز کو نوجوانوں اور ان کی یونینوں سے بات کرنی چاہیے۔ حکومت کو عام لوگوں سے مشورہ لینا چاہیے۔‘‘

جن ادھیکار پارٹی (جاپ) کے چیف راجیش رنجن عرف پپو یادو کا اگنی پتھ اسکیم کے تعلق سے کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ڈیفنس فورس کے لیے خودکش ثابت ہو سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس طرح کا قدم دفاعی اہلکاروں کی حوصلہ شکنی کر سکتا ہے۔ ہندوستانی فوج ہمارا فخر ہے اور اس پر سیاست برداشت نہیں کی جائے گی۔‘‘ پپو یادو نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی حکومت 2014 کے لوک سبھا انتخاب میں ’وَن رینک، وَن پنشن‘ کا وعدہ لے کر آئی تھی اور اب وہ ملک میں ’نو رینک، نو پنشن‘ نافذ کر رہی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔