دہلی کے 3000 ہوٹلوں میں اب چینی شہری نہیں رکھ پائیں گے قدم !

دہلی ہوٹل اینڈ گیسٹ ہاؤس آنرس ایسو سی ایشن نے فیصلہ لیا ہے کہ ان کے ماتحت آنے والے تقریباً 3000 ہوٹلس اور گیسٹ ہاؤس میں کسی بھی چینی باشندہ کو ٹھہرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور چین کےد رمیان تلخیوں میں اضافہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اس ماحول میں ہندوستان کے عوام اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ادارے بھی چین کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق دہلی کے ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس میں چینی شہریوں کے ٹھہرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ہندی نیوز پورٹل 'آج تک' پر ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 3000 ہوٹلس اور گیسٹ ہاؤسز چینی باشندوں کو اپنے یہاں نہیں ٹھہرائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (کیٹ) نے چینی سامانوں کے بائیکاٹ کرنے کا اعلان پہلے ہی کر رکھا ہے، اور اب دہلی میں بجٹ ہوٹل سے جڑے ادارہ دہلی ہوٹل اینڈ گیسٹ ہاؤس آنرس ایسو سی ایشن (دھرو) نے بھی سخت قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ چین کی حرکتوں کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ دہلی کے ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس میں اب سے کسی بھی چینی شہری کو نہیں ٹھہرایا جائے گا۔ گویا کہ دہلی میں موجود تقریباً 3000 بجٹ ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس میں اب چینی باشندوں کی انٹری نہیں ہو پائے گی۔


دہلی ہوٹل اینڈ گیسٹ ہاؤس آنرس ایسو سی ایشن کے جنرل سکریٹری مہندر گپتا نے اس سلسلے میں 'آج تک' کو بتایا کہ چین جس طرح سے ہندوستان کے ساتھ سلوک کر رہا ہے اور پرتشدد تصادم میں جس طریقے سے ہندوستانی فوجی شہید ہوئے، اس وجہ سے دہلی کے سبھی ہوٹل کاروباریوں میں بے حد ناراضگی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں جب کیٹ نے پورے ملک میں چینی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم چلائی ہے، اس میں دہلی کے ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس کاروباری بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور اسی کے پیش نظر ہم نے فیصلہ لیا ہے کہ اب سے دہلی کے کسی بھی بجٹ ہوٹل یا گیسٹ ہاؤس میں کسی چینی باشندہ کو ٹھہرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Jun 2020, 3:59 PM
/* */