چھتیس گڑھ کے دنتے واڑہ میں نکسلی حملہ کے دوران 11 جوان شہید، امت شاہ نے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کو کیا فون

دنتے واڑہ میں نکسلیوں کے ذریعہ کیے گئے دھماکہ میں کم از کم 11 جوان شہید ہو گئے ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ ارنپور علاقہ میں نکسلیوں کے چھپے ہونے کی خبر ملی تھی جس کے بعد مہم شروع کی گئی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر یو این آئی</p></div>

تصویر یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

چھتیس گڑھ کے دنتے واڑہ میں نکسلی حملہ کے دوران 11 جوانوں کے شہید ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق دنتے واڑہ کے تھانہ ارنپور علاقہ میں نکسل مخالف مہم کے دوران آئی ای ڈی دھماکہ کر دیا گیا جس سے ڈی آر جی کے 10 جوان اور 1 ڈرائیور شہید ہو گئے۔

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپندر بگھیل نے اس نکسلی حملہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست سے نکسل ازم کو ختم کر کے ہی سکون حاصل کریں گے۔ ریاست میں نکسلیوں سے لڑائی آخری دور میں ہے اور جلد ہی اس کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اس حملے کو لے کر ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ نے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل سے فون پر جانکاری لی ہے۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ بگھیل کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ امت شاہ نے کہا کہ ریاستی حکومت جو بھی مطالبہ کرے گی، ہم دینے کو تیار ہیں۔


اس درمیان بستر رینج کے پولیس ڈائریکٹر جنرل سندر راج پی نے کہا کہ ’’ہم نے ایک اطلاع پر نکسلیوں کے خلاف مہم چلائی تھی۔ مہم مکمل کرنے کے بعد ٹیم جب واپس لوٹ رہی تھی تبھی گاڑی آئی ای ڈی کی زد میں آ گئی۔ گاڑی میں 10 ڈی آئی جی (ضلع ریزرو گارڈ) جوان تھے اور ایک گاڑی کا ڈرائیور تھا۔‘‘ انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ شہید جوانوں کی لاشوں کو واپس لایا جا رہا ہے۔ موقع پر سینئر افسران موجود ہیں اور راحت و بچاؤ کا کام جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔