چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب: کانگریس نے امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی

کانگریس کے ذریعہ جاری امیدواروں کی دوسری فہرست میں 53 امیدواروں کے نام ہیں، اس سے قبل جاری پہلی فہرست میں 30 امیدواروں کا نام شامل کیا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب کے لیے کانگریس نے امیدواروں کی دوسری فہرست آج جاری کر دی۔ دوسری فہرست میں 53 امیدواروں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ ریاست میں دو مراحل میں اسمبلی انتخاب ہونے ہیں جب رائے دہندگان 90 اسمبلی سیٹوں کے لیے اپنی پسند کا امیدوار منتخب کریں گے۔ پہلے مرحلہ کی ووٹنگ 7 نومبر کو اور دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ 17 نومبر کو ہوگی۔ نتائج 3 دسمبر کو برآمد ہوں گے۔

بہرحال، کانگریس نے چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر 30 امیدواروں کی پہلی فہرست گزشتہ دنوں جاری کی تھی جس میں وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، نائب وزیر اعلیٰ ٹی ایس سنگھدیو اور کچھ دیگر سینئر لیڈران کے نام شامل تھے۔ اب جبکہ 53 امیدواروں کی دوسری فہرست سامنے آ چکی ہے، تو مجموعی طور پر کانگریس نے 83 اسمبلی سیٹوں کے لیے امیدوار طے کر دیے ہیں۔


واضح رہے کہ کانگریس میں ابھی کانگریس کی حکومت ہے اور وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کی قیادت میں پارٹی ایک بار پھر برسراقتدار آنے کے لیے پرامید ہے۔ ریاست میں بی جے پی اپوزیشن کے کردار میں ہے اور مقابلہ انہی دونوں پارٹیوں کے درمیان سیدھا ہونے والا ہے۔ 2018 میں ہوئے اسمبلی انتخاب میں کانگریس 68 سیٹیں جیت کر 15 سال بعد ریاست میں برسراقتدار ہوئی تھی، جبکہ بی جے پی کو محض 15 سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔ دونوں پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران انتخابی میدان میں سرگرم دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک طرف بی جے پی ریاست میں از سر نو واپسی کرنا چاہتی ہے، تو دوسری طرف کانگریس لگاتار دوسری بار اقتدار پر قبضہ کرنا کے لیے پرعزم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔