شرپسندوں نے مسلمانوں کو نماز پڑھنے سے روکا، لگائے ’جے شری رام‘ کے نعرے

عام آدمی پارٹی کی خاتون لیڈر الکا لامبا نے شرپسندوں کے اشتعال انگیز نعروں کا ویڈیو شیئر کیا اور اپنے مسلم بھائیوں کو سلام پیش کیا جنھوں نے مشتعل ہونے کی بجائے صبر کرنا بہتر سمجھا۔

تصویر ویڈیو اسکرین شاٹ 
تصویر ویڈیو اسکرین شاٹ
user

قومی آوازبیورو

دہلی سے ملحق گڑگاؤں میں مسلمانوں کو نماز پڑھتے وقت کچھ شرپسندوں کے ذریعہ پریشان کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد ملک میں ہندوتوا بریگیڈ کی شرپسندی ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ آر ایس ایس کے نظریہ کو فروغ دینے والے اور اقلیتی طبقہ میں دہشت کا ماحول پیدا کرنے والے شرپسند افراد ویسے تو پورے ملک میں ’جے شری رام ‘کے نعرے لگا کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں لیکن گڑگاؤں میں جس طرح کچھ بدمعاشوں نے نماز کے لیے موجود مسلمانوں کے آگے آ کر ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگایا اور اور گھروں میں جا کر نماز پڑھنے کی بات کہی، ہندوستان جیسے جمہوری ملک کے لیے باعث فکر ہے۔

یہ پورا معاملہ اس وقت تیزی کے ساتھ لوگوں تک پہنچا جب عام آدمی پارٹی کی خاتون لیڈر الکا لامبا نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کیا۔ اس ویڈیو میں صاف نظر آ رہا ہے کہ 10-8 بدمعاش کم و بیش 300-250 نمازیوں کے سامنے نعرہ لگا رہے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ نمازیوں نے اس کے خلاف کوئی احتجاج نہیں کیا اور خاموشی اختیار کرنے میں ہی عافیت سمجھی۔ اگر یہ مسلمان چاہتے تو ان 10-8 شرپسندوں کا مقابلہ کرتے اور انھیں نقصان پہنچاتے، لیکن فضا کو زہر آلود بنانے کی جگہ انھوں نے صبر کرنا بہتر سمجھا۔

الکا لامبا نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’’میں سلام کرتی ہوں اپنے ان سبھی مسلم بھائیوں کو جو چند شرپسند عناصر کے اُکسانے پر بھی مشتعل نہیں ہوئے، انھیں ان کے مقصد میں ناکام کر دیا۔ شری رام نام کے نعرے لگاتے ہوئے وہ آپ کو مشتعل کرنے اور فساد برپا کرنے آئے تھے۔ شرم آتی ہے ان غنڈوں-موالیوں پر جو ہندو مذہب کی آڑ میں یہ سب کر رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔