مودی حکومت اور بنگال حکومت کی اٹھا پٹخ تیز، مرکز نے الاپن بندوپادھیائے کو بھیجا وجہ بتاؤ نوٹس

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ "ملک نے اس قدر بے رحم وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نہیں دیکھا ہے۔"

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کولکاتا: مرکزی حکومت کے نوٹس پر دہلی میں رپورٹ نہیں کرنے پر مغربی بنگال کے رخصت پذیر چیف سکریٹری الاپن بندوپادھیائے کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ دودن قبل ہی مرکزی حکومت نے الاپن بندوپادھیائے کوعملہ اور تربیت کے شعبے میں شامل ہونے کی ہدایت دی تھی، لیکن وہ دہلی جانے کے بجائے آج ریاستی سکریٹریٹ گئے اور ممتا بنرجی کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا۔ وجہ بتاؤ نوٹس سے متعلق سوال کئے جانے پر ممتا بنرجی نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے قبل ہی سبکدوش ہوگئے تھے۔

اس سے قبل آج ممتا بنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر الاپن بندوپادھیائے کے تبادلے کا آرڈر واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ 31 مئی کو ریٹائرڈ ہونے والے تھے لیکن ہم نے مرکزی حکومت کو خط لکھ کر کہا تھا کہ چوں کہ بنگال میں کورونا کی صورت حال خراب ہے اس لئے بندوپادھیائے جیسے تجربہ کار آفیسر کی ضرورت ہے، اس لئے ان کی ملازمت میں تین ماہ کی توسیع کردی جائے۔ ممتا بنرجی کی اس درخواست کو قبول کرلیا گیا تھا۔


وزیر اعلی نے وزیر اعظم کو لکھے خط میں ریاست کے عوام کے مفاد میں تبادلہ آرڈر واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ لیکن مرکز نے ایسا کرنے کی جگہ شام پانچ بجے سے پہلے ریاست کو ایک خط بھیجا۔ چیف سکریٹری کو ہدایت کی گئی کہ وہ فوری طور پر مرکز کے کام میں شامل ہوں۔ اس پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک نے اس قدر بے رحم وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نہیں دیکھا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */