مودی حکومت کو لاک ڈاؤن کے ڈیڑھ ماہ بعد لوگوں کی صحت کا آیا خیال!

لاک ڈاؤن کے سبب ڈیڑھ مہینے سے پرائیویٹ کلینک، نرسنگ ہوم اور لیب بند ہونے سے پورا ملک پریشان ہے۔ کورونا کے علاوہ دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج ہی نہیں ہو پا رہا جس سے کئی کی موت بھی ہو گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس بحران کے درمیان مرکزی وزارت داخلہ نے پیر کو سبھی ریاستوں اور مرکز کے ماتحت علاقوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے یہاں سبھی پرائیویٹ کلینک، نرسنگ ہوم اور لیب کو کھلوانے کا انتظام کریں۔ مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلّا کے ذریعہ سبھی ریاستوں کے چیف سکریٹریز اور مرکز کے ماتحت علاقوں کے افسران کو یہ حکم جاری کیا گیا ہے۔ اس میں ضرورت پڑنے پر ایک ریاست سے دوسری ریاست میں آمد و رفت کی سہولت دینے کا بھی تذکرہ ہے۔

مرکزی داخلہ سکریٹری نے زور دیا ہے کہ سبھی ریاستوں اور مرکز کے ماتحت علاقوں کو یہ یقینی کرنا چاہیے کہ ان کے علاقے کے افسران سبھی طبی پیشہ وروں، نرسوں، پیرا میڈیکل، صفائی اہلکار اور ایمبولنس کی سرگرمی شروع کرنے کی آسانی دیں۔ وزارت نے یہ حکم اس جانکاری کے بعد جاری کیا ہے کہ کئی مقامات پر اب تک پرائیویٹ کلینک اور نرسنگ ہوم کو کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔


داخلہ سکریٹری کے خط میں کہا گیا ہے کہ "ملک کی طبی سہولت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے والے یہ متبادل اسپتالوں پر بھاری تعداد میں مریضوں کے بوجھ سے راحت دیتے ہیں۔ میں سبھی ریاستوں اور مرکز کے ماتحت علاقوں سے یہ یقینی بنانے کی گزارش کروں گا کہ ایسے کلینک اور نرسنگ ہوم بغیر کسی رخنہ کے کام کرتے رہیں۔"

غور طلب ہے کہ اتوار کو کابینہ سکریٹری راجیو گابا نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے ماتحت علاقوں کے چیف سکریٹریز اور پرنسپل سکریٹریز (صحت) کے ساتھ ایک میٹنگ بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ کی، جس میں طبی پیشہ وروں اور پیرامیڈیکل اہلکاروں کی آمد و رفت پر کچھ ریاستوں اور مرکز کے ماتحت علاقوں کے ذریعہ لگائی گئی پابندی کا ایشو اٹھایا گیا تھا۔ اس کے بعد ہی مرکزی داخلہ سکریٹری نے مذکورہ حکم جاری کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔