تیجسوی یادو کے بیٹے کی ولادت پر خوشی کی لہر، آر جے ڈی کارکنان نے بانٹی مٹھائیاں

تیجسوی یادو کے بیٹے کی پیدائش پر آر جے ڈی کارکنان نے خوشی منائی، دفتر میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، ہنومان مندر میں پوجا اور لالو خاندان کی خیریت کے لیے دعائیں کی گئیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: بہار کے سابق نائب وزیراعلیٰ اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کو بیٹے کی پیدائش کی خوشخبری ملی، جس پر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ریاستی دفتر میں جشن کا سماں دیکھا گیا۔ پارٹی کارکنان نے دفتر میں مٹھائیاں بانٹیں اور پورے خاندان کی خیریت کے لیے عبادتیں کیں۔

آر جے ڈی کے سیکڑوں کارکنان نے منگل کی صبح پارٹی کے ریاستی دفتر میں جمع ہو کر ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی اور تیجسوی یادو اور ان کی اہلیہ راج شری یادو کو بیٹے کی پیدائش پر مبارکباد پیش کی۔ کارکنان میں خوشی کا ماحول دیکھا گیا اور پورے دفتر کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔

اس موقع پر آر جے ڈی کے ترجمان اعجاز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ خوشی صرف لالو خاندان کی نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کی ہے جو بہار کے عوام اور آر جے ڈی کی پالیسیوں پر یقین رکھتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ آج پورے بہار میں خوشی کا ماحول ہے۔


دوسری طرف، حاجی پور کے بھگوان پور اڈہ میں آر جے ڈی کارکنان نے ہنومان مندر میں خصوصی پوجا کی اور لالو یادو، رابڑی دیوی اور تیجسوی کے خاندان کی بھلائی کے لیے دعائیں کیں۔ آر جے ڈی رہنما کیدار پرساد یادو نے اس موقع پر کہا کہ ’’نومبر میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنے گی اور تیجسوی یادو کی اولاد اس کے لیے خوش بختی کی علامت ہے۔‘‘

قابلِ ذکر ہے کہ تیجسوی یادو نے بیٹے کی پیدائش کی خوشخبری سوشل میڈیا کے ذریعے دی۔ انہوں نے ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) اور فیس بک پر بچے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ‘‘صبح بخیر! بالآخر انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں۔ اپنے ننھے بیٹے کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے دل سے شکر گزار، نہایت خوش نصیب اور بے حد مسرور ہوں۔ جے ہنومان!‘‘

اس خوشی میں تیجسوی کی بہن روہنی آچاریہ نے بھی حصہ لیا۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا، ’’فخر سے سرشار ماں-پاپا، دادا-دادی اور بہن کاتیائنی کو بہت بہت مبارکباد۔ ہمارے 'جونیئر ٹوٹو' کو بے پناہ پیار اور آشیرواد۔‘‘

تیجسوی یادو کی اس خوشی پر آر جے ڈی کے حامیوں اور کارکنان میں زبردست جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ لالو پرساد یادو کے حامی اسے، خاص طور پر آنے والے انتخابی ماحول میں مہاگٹھ بندھن کی طرف سے ایک مثبت پیغام کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں، ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔