سی اے اے، این آر سی، این پی آر، ملک کو 5 ہزار سال پیچھے دھکیلنے کی سازش: بلال احمد
بدر پور ضلع اقلیتی کانگریس کے چیئرمین بلال احمد نے اپنے حلقے میں منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی اے اے این آر سی اور این پی آر ملک کے ہر غریب مزدور اور خصوصا اقلیتوں کے خلاف ہیں

نئی دہلی: بدر پور ضلع اقلیتی کانگریس کے چیئرمین بلال احمد نے پیر کے روز اپنے حلقے میں منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی اے اے این آر سی اور این پی آر ملک کے ہر غریب مزدور اور خصوصا اقلیتوں کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بل سے صرف مسلمانوں کو تکلیف نہیں پہنچے گی۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس بات کا احساس کر رہے ہیں کہ اس بل سے مسلمانوں کو صرف نقصان پہنچے گا،ان کو گمراہ کرکے لوگوں کو قسطوں میں کچلنے کی سازش ہے ۔ ملک کو یہ طے کرنا ہے کہ اسے گولوالکر چاہئے یا پھر امبیڈکر ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے ایم ایل اے اور وزیر جتیندر اہواڈ کے بیان کو ہمیں سمجھنا ہوگا کہ یہ غریب، استحصال، مظلوم اور محروم لوگوں کو 5000 سال پیچھے دھکیلنے کی کوشش ہے جوپچھلے پانچ ہزار سالوں سے مظلوم ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آج یہاں 6700 جاتیاں ایسی ہیں، جن میں سے 95 فیصد لوگوں کے پاس کوئی ثبوت نہیں، آخر وہ لوگ کہاں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے انہیں ووٹنگ کے حقوق سے محروم کیا جائے گا اور ان کو دوسرے درجے کا شہری بنایا جائے گا۔ یہ کوئی اور لوگ نہیں ہیں بلکہ یہ سب کے سب غریب ہندو ہیں اور یہ ساری محنت پندرہ فیصد لوگوں کیلئے نہیں ہورہی ہے بلکہ ان کا مقصدر پچاسی فیصد لوگوں کو ختم کرنا ہے اور انہیں دوسرے درجے کا شہری بنانا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ ملک کا ہر غریب مزدور، ہر مظلوم، پسماندہ ،دلت، قبائلی ،اقلیت جس کی آبادی 85 فیصد سے زیادہ ہے، نے اسے سمجھا ہے اور پوری دنیا میں اس کے خلاف احتجاج ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو واضح کرنا چاہئے کہ اس بل کو لانے کی کیا ضرورت تھی۔
شہریت ترمیمی ایکٹ 2019 سے پہلے لوگوں کو شہریت دینے کا کیاکوئی بندوبست نہیں تھا اور اگر نہیں تھا تو پھر کیسے تسلیمہ نسرین سے لے کر عدنان سامی تک متعدد لوگوں کو شہریت دی گئی؟ حکومت کو چاہئے کہ لوگوں کو بے وقوف مت بنائے اور اصل ایشوز پر کام کرے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے اور پارلیمنٹ کی توہین کررہی ہے۔ جس طرح حکومت نے پہلے بل منظور کرکے غریبوں کی توہین کی اور اب مس کال کے ذریعے پارلیمنٹ کی توہین کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس اس طرح کی عوام دشمن قانون سازی کو کبھی برداشت نہیں کرے گی۔ ہندوستان میں، بابا صاحب کا آئین چلتا ہے اور ہم باباصاحب کے آئین کے خلاف کوئی قانون بننے نہیں دیں گے ۔ہم اس کے لئے لڑیں گے اورجیتیں گے یہی ہمارا عزم ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔