’ووٹ چوری کر مودی حکومت نے لوگوں سے صاف ہوا پانی کا حق چھین لیا‘، دہلی میں بڑھتی آلودگی پر کانگریس کا تلخ تبصرہ

جب مودی حکومت سے سوال کیا جاتا ہے، تو جواب ملتا ہے کہ خصوصی طور پر فضائی آلودگی سے ہونے والی اموات کا براہ راست تعلق قائم کرنے کے لیے کوئی حتمی ڈاٹا دستیاب نہیں ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گرافکس ’ایکس‘ @INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی میں فضائی آلودگی اپنے عروج پر ہے۔ ساتھ ہی دہلی میں زیر زمین پانی بھی زہریلا ہو چکا ہے۔ اس سلسلے میں کئی رپورٹس سامنے آ چکی ہیں، لیکن مرکز کی مودی حکومت ضروری قدم اٹھا رہی ہے اور نہ ہی دہلی کی بی جے پی حکومت نے کوئی مثبت پیش رفت کی ہے۔ کانگریس نے اس تعلق سے بی جے پی اور وزیر اعظم مودی کو لگاتار نشانہ بنا رہی ہے۔ آج اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ مودی حکومت ’ووٹ چوری‘ کر لگاتار عوام سے ان کے حقوق چھین رہی ہے۔

ویڈیو میں دہلی کی فضائی اور آبی آلودگی سے متعلق کچھ تصویریں پیش کرتے ہوئے بیک گراؤنڈ آواز کے ساتھ مودی حکومت پر حملہ آور انداز میں بتایا گیا ہے کہ ’’آر ٹی آئی ختم کیا، منریگا ختم کیا، اب یہ حقوقِ جنگلات قانون ختم کریں گے۔ اس کے بعد حصول اراضی قانون کو مٹائیں گے۔‘‘ ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’حالات ایسے رہے تو ایک دن یہ (مودی حکومت) آپ سے فوڈ سیکورٹی قانون بھی چھین لیں گے۔ مودی حکومت کا صاف ایجنڈا ہے، عوام سے سبھی حقوق چھین لو، تاکہ عوام نہ کچھ کہہ سکے اور نہ ہی آواز اٹھا سکے۔ لیکن ملک سب دیکھ رہا ہے۔ اس تاناشاہی کا سخت جواب دے گا۔‘‘ اس ویڈیو پوسٹ کے ساتھ کانگریس نے کیپشن لگایا ہے ’نریندر مودی ووٹ چوری کر عوام سے ان کے حقوق چھین رہے ہیں‘۔


ایک دیگر ویڈیو کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے، جس میں پی ایم مودی کی ایک پرانی تقریر موجود ہے۔ اس میں وہ کہہ رہے ہیں ’’منتخب 100 شہروں میں آلودگی کم کرنے کے لیے ہم ایک پاک نظریہ کے ساتھ ایک مشن موڈ میں کام کرنے والے ہیں۔‘‘ ویڈیو میں جیسے ہی پی ایم مودی کی تقریر ختم ہوتی ہے، ہندوستان میں آلودگی کے موجودہ حالات سے متعلق ایک خبر پیش کی جاتی ہے۔ اس میں بتایا جا رہا ہے کہ ’’ہم نے دنیا بھر کے سب سے آلودہ 50 شہروں کی لائیو لسٹ چیک کی۔ ان 50 میں سے 47 شہر ہندوستان کے ہیں۔ دہلی-این سی آر کے کم و بیش سبھی علاقوں کا اے کیو آئی 400 پار ہے۔ یہ سب سے خطرناک ’ہزارڈس‘ (زہریلا) زمرہ میں آتا ہے۔‘‘ اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے کیپشن دیا ہے ’صاف ہوا کا وعدہ بھی جملہ نکلا‘۔

قابل ذکر ہے کہ مودی حکومت فضائی آلودگی سے ہونے والی اموات معاملہ پر لگاتار خاموشی اختیار کیے ہوئی ہے۔ اس تعلق سے نہ ہی وزیر اعظم نریندر مودی کچھ بول رہے ہیں، نہ ہی ان کے وزراء حقیقت کا اعتراف کر رہے ہیں۔ کچھ بی جے پی لیڈران سوال پوچھے جانے پر ٹال مٹول والا رویہ اختیار کر رہے ہیں، یا پھر اپوزیشن کے سوالات کو محض ’سیاسی‘ قرار دے دیتے ہیں۔ جب مودی حکومت سے سوال کیا جاتا ہے، تو جواب ملتا ہے کہ خصوصی طور پر فضائی آلودگی سے ہونے والی اموات کا براہ راست تعلق قائم کرنے کے لیے کوئی حتمی ڈاٹا دستیاب نہیں ہے۔ ایک جواب یہ بھی دیا گیا ہے کہ فضائی آلودگی اور پھیپھڑے کی بیماری کے درمیان کوئی ’ڈائریکٹ‘ لنک نہیں ہے۔