تاریخی تصویر شیئر کر راہل گاندھی نے پوچھا ’کیا ہندوستانی زمین پر چین نے قبضہ کیا ہے؟‘

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنے والد اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے ذریعہ کھینچی گئی ایک تصویر ٹوئٹ کر کے مرکزی حکومت سے سوال کیا ہے کہ کیا ہندوستانی زمین پر چین نے قبضہ کیا ہے؟

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس لیڈر راہل گاندھی ہندوستان اور چین کی فوج کے درمیان تصادم میں شہید ہوئے 20 ہندوستانی جوانوں کو لے کر لگاتار مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس تعلق سے وہ کئی طرح کے سوال بھی پوچھ رہے ہیں جس کا جواب حکومت نہیں دے رہی ہے۔ آج راہل گاندھی نے اپنے والد اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے ذریعہ کھینچی گئی ایک تاریخی تصویر اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کی ہے اور ساتھ ہی مودی حکومت کے سامنے ایک سوال رکھ دیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کیا ہے کہ "چینی حملہ کے خلاف ہم سب متحد کھڑے ہیں۔ کیا ہندوستانی زمین پر چین نے قبضہ کیا ہے؟"


اس سے قبل پیر کے روز راہل گاندھی نے چینی میڈیا میں شائع ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا کہ "چین نے ہمارے فوجیوں کو مار دیا۔ چین نے ہماری زمین ہضم کر لی۔ پھر چین اس ٹکراؤ کے دوران محترم مودی جی کی تعریف کیوں کر رہا ہے؟" اس سے پہلے بھی 21 جون کو راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو چین سرحد تنازعہ معاملہ پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انھوں نے پی ایم مودی پر حملہ آور ہوتے ہوئے ان کے اس بیان کو جھوٹا بتایا تھا جس میں پی ایم مودی نے کہا تھا کہ "نہ کوئی ملک میں گھسا، نہ ہی ہماری زمین پر کسی نے قبضہ کیا۔"

واضح رہے کہ گزشتہ 15 جون کو مشرقی لداخ واقع وادی گلوان میں چین کے پیپلز لبریشن آرمی کے فوجیوں کے ساتھ ہوئے پرتشدد تصادم میں ایک افسر سمیت 20 ہندوستانی جوان شہید ہو گئے تھے۔ اس وقت سے ہی اپوزیشن پارٹیاں لگاتار مرکزی حکومت پر حملہ آور ہے اور کئی طرح کے سوال اٹھا رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔